پٹنہ(یواین آئی ) لوک نائک جئے پرکاش نارائن جی کے یوم پیدائش کے موقع پرآج انکم ٹیکس گولمبر واقع مجسمہ کے مقام پر منعقد تقریب میں وزیراعلی نتیش کمار نے لوک نائک جئے پرکاش نارائن جی کے آدم قد مجسمے پر گلپوشی کرکے انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین دیویش چندر ٹھاکر، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، جے ڈی یو کے قومی صدرو رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، مالیات، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، محصولات و اصلاحات اراضی کے وزیر آلوک کمار مہتا، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، خوراک وصارفین تحفظ محکمہ کی وزیرمسزلیسی سنگھ، وزیر قانون شمیم احمد، بہار قانون اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری،رکن قانون سازکونسل مسٹر سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، رکن قانون ساز کونسل مسز کمود ورما، سابق وزیر مسٹر شیام رجک، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، بہار اسٹیٹ سٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری مسٹر اروند کمار اور دیگر عوامی نمائندوں اور معززین نے لوک نائک جئے پرکاش نارائن جی کے مجسمہ پرگلپوشی کرکے جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر محکمہ اطلاعات اوررابطہ عامہ کے فنکاروں نے بہار گیت، بھجن، کیرتن اور آرتی پوجا کی۔
وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات کی۔ ذات کی بنیاد پر گنتی سے متعلق صحافیوں کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے تمام جماعتوں کی رضامندی کے بعد ہی ذات کی بنیاد پر گنتی کرانے کا کام کیا ہے۔ اب اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔ تمام خاندانوں کی معاشی حالت کی تفصیلات بھی ایوان میں رکھی جائیں گی بلا لحاظ ذات اور مذہب۔ تمام ایم ایل اے اور ایم ایل سی کو بھی اس بارے میں مطلع کیا جائے گا۔ لوگ ہر چیز کو جان لیں گے۔ اس کے بعد سب سے مشاورت کے بعد مزید کام کیا جائے گا، اس معاملے پر ابھی ہم سے کچھ نہ پوچھیں۔