سری نگر،17مئی(یو این آئی) بھاجپا کے پراکسی امیدواروں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعے کو کہاکہ بی جے پی نے ہمیں نفرت، زہر اور تناﺅ کے علاوہ کچھ نہیں دیا انہوں نے کہاکہ بھاجپا کے لیڈران ہرتقریر میں مسلمانوں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں لہذا لوگوں کو بی جے پی کے پراکسی امیدواروں کو مسترد کرنا ہوگا موصوف نے ان باتوں کا اظہرتلیل اور گریز میں چناوی ریلیوں سے خطاب کے دوران کیا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ بھاجپا ہر سطح پر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، چاہے وہ این سی آر ، شہریت ترمیمی قانون ، سہ طلاق بل یا یکساں سول کوڈ جیسے قوانین ، ان سب کا مقصد مسلمانوں کو بے دخل کرنا، مسلمانوں کے شرعی قوانین کو ختم کرنا ہے اورمسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کرنا ہے۔
بھاجپا نے ہمیں نفرت، زہر اور تناﺅ کے علاوہ کچھ نہیں دیا ۔ کیا اسی بھاجپا اور اس کی پراکسیوں کو ووٹ دیکر مضبوط کرنا ہمارے لئے مناسب ہے؟عمر عبداللہ نے کہا کہ گریز سے متعلق بی جے پی والے جو دعوے کرتے ہیں، ایسا لگتا تھا کہ گریز میں سب کچھ بدلا ہوگا، رازدان کے نیچے ٹنل کا کام شروع ہوگیا ہوگا، یہاں تعمیر و ترقی ہوئی ہوگی لیکن مجھے ایسا کچھ بھی دیکھائی نہیں دیا، جہاں 2014میں ہم نے کام چھوڑا ، تب سے یہاں کچھ نہیں بدلا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے ہم نے کام کیا اور جہاں ہم نے کام چھوڑا اس کے بعد کچھ نہیں کیا گیا، سڑک کا کام جہاں تک ہم نے کیا ہے اُس میں تھوڑا سا اضافہ ہواہے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ حلقہ انتخاب بارہمولہ میں گریز، ٹنگڈار، کیرن اور مژھل 4مشکل علاقے ہیں، ان علاقوں کو اگر ہم صحیح معنوں میں سال کے 12مہینے باقی ریاست کیساتھ جوڑے رکھنے کا کام نہیں کرتے تو ہم آپ کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کرتے ہیں، اور انشاءاللہ میں ان ٹنلون کیلئے لڑوں گا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پارلیمنٹ میں ان ٹنلوں کا معاملہ میری اولین ترجیحات ہونگی۔
این سی نائب صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اگر ایک ہی قیدی ہوتا اور اس کی رہائی ووٹ ڈالنے سے ممکن ہوتی تو شائد میں بھی اُس کیلئے ووٹ ڈالتا لیکن جموں و کشمیر ایسے ہزاروں نوجوانوں ہیں جو باہری جیلوں میں سڑ رہے ہیں، اور ان کی بات کوئی نہیں کرتا، یہ نیشنل کانفرنس ہی ہے جو یہ کہتی آئی ہے کہ انشاءاللہ اگلے اسمبلی چناﺅ میں جیت درج کرنے کے ساتھ ہی باہری جیلوں میں مقید کشمیریوں کی واپسی کا کام کیا جائے گا اور ان کی رہائی کا سامان بھی ساتھ ساتھ ہوگا۔