روی شنکر نے کہا "جن پارٹیوں کا ڈی این اے بدعنوانی پر مبنی ہے، انہیں بی جے پی پر ایسے الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔”
نئی دہلی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انتخابی بانڈز پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر کانگریس کے الزامات کا آج جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن کا ڈی این اے بدعنوانی اور رشوت ستانی پر مبنی ہے انہیں بی جے پی پر ایسے الزامات لگانے کا کوئی حق نہیں۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کی آئینی بنچ نے کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ چونکہ فیصلہ سینکڑوں صفحات کا ہے۔ اس لیے پارٹی کی جانب سے منصوبہ بند ردعمل دینے سے پہلے ایک جامع مطالعہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے انتخابی عطیات کے نظام میں اصلاح کی کوششیں کی ہیں اور انتخابی بانڈ جاری کرنا اسی قدم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ "انتخابی بانڈ اسکیم ایک بہت ہی قابل تعریف مقصد کے لیے لائی گئی تھی – انتخابی فنڈنگ میں شفافیت لانے اور انتخابات کے دوران نقد رقم کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے۔ یہاں تک کہ عطیہ دہندگان بھی رازداری چاہتے تھے… انتخابی عمل میں مزید شفافیت لانے کے لیے یہ واحد کوشش جو وزیر اعظم مودی نے کی تھی۔
کانگریس کے ان الزامات پر اپوزیشن پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہ انتخابی بانڈ کالے دھن کو سفید کرنے کی مودی حکومت کی اسکیم ہے۔ انہوں نے کہاکہ "جن پارٹیوں کا ڈی این اے بدعنوانی اور رشوت ستانی پر مبنی ہے، انہیں بی جے پی پر ایسے الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔”