کلکتہ14مئی (یواین آئی)لوک سبھا انتخابات کے چوتھے دور کی پولنگ کے بعد ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی واپسی اب ناممکن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتحاد 200سیٹوں تک محدود رہے گی۔ممتابنرجی نے کہاکہ اب تک ووٹنگ کے 4 راؤنڈ ہو چکے ہیں۔ اب تک کے حساب کے مطابق بی جے پی 195 سے 200 کے درمیان رہ سکتی ہے۔ اور انڈیا اتحاد کو 295 اور 315 کے درمیان سیٹیں ملیں گی۔
ممتا بنرجی نے متوا سماج سے اپیل کی وہ بی جے پی کے چال میں نہ پھنسیں ، بی جے پی بنگال میں نہیں رہنے والی ہے ۔وہ ووٹ لے کر چلی جائے گی مگر آپ کے کام نہیں آئے گی۔ترنمول کانگریس متوا سماج کے ساتھ ہے اور رہے گی ۔اسی کے ساتھ ممتا بنرجی نے آج یہ بھی کہا ہے کہ جو لوگ بغیر ثبوت کے انہیں اور ان کی پارٹی لیڈروں کو چور کہہ کر بلاتے ہیں ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ممتا بنرجی نے سیرام پور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ترنمول کانگریس کو بغیر کسی ثبوت کے چور چور کہہ کر بلاتے ہیں ہم ان کے خلاف مقدمہ کریں گے ، ہتک عزت کا مقدمہ کیا جائے گا۔ میڈیا میں بغیر کسی ثبوت کے اس طرح کے دعوے شائع کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
کلیان بنرجی کی حمایت میں ریلی سے خطاب میں ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ ترنمول نے چوری کی ہے ۔ کہاں چوری کی؟ پوچھو کس کی جیب سے چوری ہوئی ہے ۔ چوری کا ثبوت کہاں ہے ؟ میں ہتک عزت کا دعویٰ کرنے عدالت جا رہی ہوں۔ روزانہ اخبارات میں اس طرح کی خبریں شائع ہوتی ہیں ۔خبر شائع کرنے سے قبل اس کی کوئی تصدیق نہیں کرتی ہے ۔ان پیپرز کو پیسے مل رہے ہیں اور چھاپ رہے ہیں۔ میں چھوڑنے والا نہیں ہوں۔ اس مرتبہ ہم مضبوطی کے ساتھ مقدمہ کریں گے ۔ممتا بنرجی سات مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوچکی ہیں ، وہ مرکزی وزیر بھی رہ چکی ہیں ۔مغربی بنگال کی گزشتہ 13سالوں سے وزیر اعلیٰ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پنشن اور تنخواہ کی مد میں ماہانہ 3 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ لیکن وہ یہ رقم نہیں لیتی ہیں۔ اس کے باوجود ممتا نے تبصرہ کیا کہ ان کے بارے میں جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے سیرام پور سے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے کہ یہ ڈاکوﺅں کی پارٹی ہے ۔انہوں نے پی ایم کیئر فنڈ میں گڑبڑی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جواب دیں گے انہوں نے 20ہزار کروڑ روپے کہاں خرچ کئے ہیں ۔