نئی دہلی 19 ستمبر (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج سنسد ٹیلی ویژن کے یوم تاسیس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں منعقدہ سنسد ٹی وی کنکلیو کے اختتامی اجلاس سے خطاب کیا۔اس موقع پر مسٹر برلا نے کہا کہ آج خبروں کی ساکھ اور صداقت بحران کا شکار ہے اور پارلیمانی نظام کے ایک اہم باب کے طور پر سنسد ٹی وی جمہوریت کے جذبے کو لوگوں تک پہنچا کر اس خلا کو پُر کرنے میں قابل ستائش کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مستند ذریعہ کے طور پر سنسد ٹی وی کا امپرنٹ ملک و بیرون ملک مختلف اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور اے آئی کے استعمال سے سنسد ٹی وی لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے پورا کرے گا۔ مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ 15 ستمبر، بین الاقوامی یوم جمہوریت، سنسد ٹیلی ویژن کا یوم تاسیس بھی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سنسد ٹی وی کا قیام لوگوں کی ضروریات کے مطابق کیا گیا تھا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وجود کے تین برسوں میں سنسد ٹی وی جمہوری روایات اور ثقافت کی اعلیٰ اقدار کو دکھانے کے لیے ایک طاقتور میڈیم بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اقدار سے وابستگی کے ساتھ ساتھ سنسد ٹی وی سیاسی، معاشی، سماجی اور ثقافتی زندگی میں سائنسی نقطہ نظر کو بھی فروغ دے رہا ہے۔
ملک و بیرون ملک نشر ہونے والے سنسد ٹی وی کے مختلف پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ سنسد ٹی وی کے ذریعے لوگ پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کے کام کاج، پالیسیوں اور اسکیموں کے نفاذ کے بارے میں واقفیت حاصل کر رہے ہیں۔ نیز سنسد ٹی وی کے ذریعے ہندوستانی ثقافت، تاریخ اور حال سے متعلق خدشات لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔
سنسد ٹی وی کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ یہ ملک کے جمہوری اداروں، پارلیمانی کمیٹیوں اور مقننہ کے قانون سازی اور نفاذ سے متعلق کام کاج ، کامیابیوں اور تمام پہلوؤں کے بارے میں ایک دلچسپ شکل میں ملک اور بیرون ملک ناظرین تک اطلاعات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ایوان کی کارروائی، عوامی نمائندوں کے کام کاج اور ان کے خیالات کو پہلے سے زیادہ آسانی سے دیکھ اور سن سکتے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں میں عوامی نمائندوں کی کاوشوں اور کام کے بارے میں سمجھ بوجھ پیدا ہو رہی ہے اور وہ ان کا تقابلی تجزیہ بھی کر سکتے ہیں۔
مسٹر اوم برلا نے پارلیمنٹ کے کام کاج، قانون سازی کے عمل اور ملک کے مسائل پر سنسد ٹی وی کی طرف سے نشر کی جانے والی معلومات کو ملک کے باصلاحیت، ہنر مند اور توانائی سے بھرپور نوجوانوں کے لیے ایک بہترین اقدام قرار دیا۔ مسٹر برلا نے مزید کہا کہ سنسد ٹی وی پر پروگرام نوجوانوں کے لیے ہندوستانی جمہوریت کے متحرک نظام کو سمجھنے کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو جمہوری اداروں اور ان کے کام کاج کے ساتھ ساتھ شہری فرائض کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں۔