جموں19 ستمبر(یو این آئی) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کا روڈ انفراسٹرکچر سال 2025 میں امریکہ کے برابر ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں انفراسٹرکچرکو بہتر بنانے سے سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا جس سے یہاں غریبی دور ہو جائے گی۔
ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے راجوری میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں روڈ نیٹ ورک کو بہتر بنانے کی خاطر مرکزی وزارت کام کر رہی ہے۔نتن گڈکری نے کہا :’جموں ادھم پور ، رام بن اور سری نگر کے بیچ تین ٹنلوں پر کام چل رہا ہے جبکہ مغل روڈ کا ڈی پی آر بھی پورا ہوا اورا س پر بھی عنقریب کام شروع کیا جائے گا۔ ‘
مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق زوجیلا ٹنل پر کام چل رہا ہے اور سم تھن پاس پر پانچ ہزار کروڑ روپیہ کی لاگت سے ٹنل تعمیر ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سادھنا ٹاپ ٹنل تیرہ سو کروڑ روپیہ کی لاگت سے تعمیر ہو گی۔مرکزی وزیر نے کہاکہ جموں وکشمیر کا روڈ انفرا سٹرکچر 2025میں امریکہ کے برابر ہوگا جس سے یہاں کے نوجوانوں کو روزگاکے وسائل بہم رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں روڈ نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہے۔