نامور موٹیویشنل اسپیکر پر الزام ہے کہ اس نے شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی بیوی پر مظالم ڈھائے
نئی دہلی: نامور موٹیویشنل اسپیکر، سوشل میڈیا انفلوئنسر وویک بندرا پر بیوی کی جانب سے شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی گھریلو تشدد کا الزام لگایا گیا ہے۔’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق مقامی پولیس کا بتانا ہے کہ موٹیویشنل اسپیکر کے خلاف شکایت وویک بندرا کی بیوی یانیکا کے بھائی ویبھو کواترا نے درج کرائی ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ نوئیڈا کے سیکٹر 126 میں موٹیویشنل اسپیکر کی اہلیہ کے بہنوئی نے گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ویبھو کواترا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ نوئیڈا میں پیش آیا جہاں وویک بندرا اور اس کی ماں پربھا کے درمیان جھگڑا شروع ہوا تھا، خاندانی تنازعہ کے طور پر شروع ہونے والی اس بحث نے اس وقت پریشان کن موڑ اختیار کر لیا جب اس جھڑپ میں یانیکا نے ثالثی کے طور پر قدم رکھا۔
پولیس کے مطابق اہلیہ کے گھریلو جھگڑے میں حصہ لینے پر بندرا کی جانب سے اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وویک کی جانب سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں یانیکا کے جسم پر مبینہ طور پر گہرے زخم آئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
موٹیویشنل اسپیکر کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق بندرا اور یانیکا کی شادی 6 دسمبر کو ہوئی تھی اور 7 دسمبر کو شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی بندرا نے مبینہ طور پر یانیکا کو ایک کمرے میں لے جا کر اس کے ساتھ گالم گلوچ کی، اس کے بال نوچے اور اس پر جسمانی تشدد کیا۔
موٹیویشنل اسپیکر وویک کے خلاف شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یانیکا شوہر کی جانب سے کیے گئے حملے کی وجہ سے ٹھیک سے سن نہیں پا رہی، بندرا نے مبینہ طور پر اس کا فون بھی توڑ دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق وویک بندرا ایک ہائی پروفائل انڈین موٹیویشنل اسپیکر اور معروف بزنس مین ہے جس کے یوٹیوب اور انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز ہیں۔