نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):دنیا بھر میں مسیحی برادری نے آج کرسمس منایا۔ ویٹی کن میں کرسمس کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے امن و آشتی کا پیغام دیا گیا۔دنیا بھر کی طرح ہندوستان و پاکستان میں بھی کرسمس کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ادھر خبر ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی قونصل خانے میں کرسمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی مسیحی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔کرسمس کی تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی نے ہمیشہ پاکستان کی بہتر انداز میں خدمت کی، ہم مسیحی بھائیوں پر فخر کرتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں مل کر ملک کی ترقی اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر کام کرنا چاہیے۔
تقریب میں مسیحی کمیونٹی کے عہدے دار جان گلزار، پیٹرک فلک شیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
دریں اثنا مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو غریبوں اور جنگ سے متاثرہ افراد کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ کرسمس کے موقع پر حضرت عیسی کی پیدائش کو یاد کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں دولت اور طاقت کے زور پر کمزوروں کو دبانے کی سرزنش کی۔ سینٹ پیٹرز اسکوائر میں پوپ کے روایتی کرسمس ڈے کے خطاب کو سننے کیلئے تقریبا 7,000 افراد نے شرکت کی، جن میں سیاح اور زائرین بھی شامل تھے، پوپ نے شرکا کو حضرت عیسی کی عاجزانہ زندگی سے سبق حاصل کرنے کی تلقین کی۔ کرسمس کے دن کا خطاب پوپ کو عالمی سامعین کی توجہ دنیا میں جاری چھوٹے بڑے تنازعات کی طرف متوجہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس بار بھی انہوں نے یوکرین جنگ، شام اور عراق کے غیرمعمولی بحران پر افسوس کا اظہار کیا۔