پٹنہ، 26 دسمبر (یواین آئی)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے قیام کے سو سال مکمل ہونے کے موقع پر پارٹی کا صد سالہ یومِ تاسیس جمعہ کو پورے بہار میں دھوم دھام سے منایا گیا۔ایک اہم سنگ میل کے طور پر 26 دسمبر کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے اپنی تاسیس کے سو سال مکمل کر لیے۔ اس موقع پر پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر اجے بھون سے لے کر تمام اضلاع،انچل اور شاخ دفاتر میں پرچم کشائی کی گئی اور دفاتر کو سجایا گیا۔ جن شکتی بھون میں قومی سیکریٹری ڈاکٹر گریش چندر شرما نے پرچم کشائی کی۔ ڈاکٹر گریش چندر شرما نے بیگوسرائے میں جبکہ ریاستی سیکریٹری رام نریش پانڈے نے بیگوسرائے میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔
سی پی آئی کے ریاستی سیکریٹری رام نریش پانڈے نے اپنے پیغام میں کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی بنیاد 26 دسمبر 1925 کو کانپور میں رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ ملک کی آزادی میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے اہم کردار ادا کیا۔ آزادی کی تحریک کے دوران سی پی آئی کے رہنماﺅں و کارکنوں کو جیلوں میں ڈال کر سخت اذیتیں دی گئیں۔
اس کے باوجود پارٹی کے کارکنان برطانوی حکومت کی سامراجیت پر مبنی پالیسیوں کی مخالفت کرتے رہے اور تمام تکالیف کا مقابلہ کرتے ہوئے، انہیں برداشت کرتے ہوئے آزادی کی تحریک میں متحد ہو کر شامل ہوتے رہے۔ وہ اس عزم کے ساتھ کام کرتے رہے کہ ایک دن ایسا آئے گا جب ملک کے اندر طبقاتی تقسیم ختم ہوگی، استحصال کا خاتمہ ہوگا اور ملک میں جمہوری نظام قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں بعد بھی اس عزم کی چمک میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور آج کا دن ان تمام ساتھیوں کی یاد کے نام ہے جنہوں نے سماج میں تبدیلی کی جدوجہد میں اپنی زندگی وقف کر دی۔
سی پی آئی کے ریاستی سیکریٹری مسٹر پانڈے نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت آئین اور جمہوریت کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ اس حکومت کے دور میں دلتوں، آدیواسیوں اور اقلیتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے۔











