حیدرآباد 24ستمبر(یواین آئی)اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وتلگودیشم پارٹی کے قومی صدراین چندرابابونائیڈو سے دوسرے دن بھی سی آئی ڈی کے عہدیداروں نے پوچھ گچھ کی۔ سی آئی ڈی عہدیداروں کی ایک ٹیم راجمندری سنٹرل جیل پہنچی۔پوچھ گچھ سے پہلے چندرا بابو کے طبی معائنے کروائے گئے۔ بعد ازاں سی آئی ڈی حکام نے چندرا بابو سے جیل کے کانفرنس ہال میں پوچھ گچھ کی۔ چندرا بابو کی جانب سے دو وکلاء اس موقع پر موجود تھے۔ چندرا بابو سے پوچھ گچھ کے دوسرے دن کے پیش نظر راجمندری سنٹرل جیل کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ چندرا بابو کے ساتھ اظہار یگانگت کے لیے حیدرآباد سے آئی ٹی ملازمین کے راجمندری پہنچنے کے بعد پولیس کو چوکس کردیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ چندرابابوسے کچھ فائلوں کی کاپیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ چندرا بابو نے سی آئی ڈی کے سوالوں کے سیدھے اور واضح جواب دیئے۔
دریں اثناء متحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیرایم نرسمہلو نے کہا ہے کہ تلگودیشم کے قومی صدر چندرا بابو کی گرفتاری غیر دستوری ہے۔ اسکل ڈیولپمنٹ کے معاملہ پر 2021 میں معاملہ درج کیا گیا ہے تاہم وزیراعلی جگن نے چار سال بعد ایک ایسے شخص کو گرفتار کروایا ہے جس کا نام ایف ایس آئی آر میں نہیں ہے۔انہوں نے چندرا بابو کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے حیدرآباد کے این ٹی آر گھاٹ پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے جگن پر برہمی کااظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ جگن کو ایک آمر کے طور پر جانا جاتا ہے۔
ادھر دوسری متعلقہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ آندھراپردیش۔تلنگانہ کی سرحد پر تناو کی صورتحال دیکھی جارہی ہے۔پڑوسی ریاست کے این ٹی آرضلع گری کاپاڈو چیک پوسٹ کے قریب سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ہر کار کو تلاشی کے بعد ہی جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔پولیس کی اس اچانک تلاشی سے مقامی افراد میں تشویش کی لہردوڑگئی ہے۔اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں اے پی کے سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے لئے آئی ٹی پیشہ وروں نے کار ریلی کی اپیل کی ہے۔یہ ریلی تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے راجہ مہیندراورم تک نکالی جانے والی ہے۔دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ اس ریلی کی اجازت نہیں ہے۔دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش کی سرحد پر دفعہ 144نافذکردی گئی ہے۔اے پی پولیس نے انتباہ دیا کہ امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وجئے واڑہ پولیس نے کہا کہ این ٹی آر ضلع میں فی الحال دفعہ 144 اور دفعہ 30 نافذ ہے۔ آندھرا پردیش کی سرحد سے گریکا پاڈو،انومانچی پلی تک تین چیک پوسٹیں قائم کئے گئے ہیں۔ سرحدی علاقوں میں پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کیاگیا ہے اور گاڑیوں کی تلاشی کی جارہی ہے۔پولیس نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔