جونپور:13ستمبر(یواین آئی) نئی دہلی کے آنندویہار سے بہار کے رکسول جارہی سدبھاونا ایکسپریس میں بدھ کو جونپور جنکشن سے تقریبا 28کلو میٹر دور واقع کیراکت ریلوے اسٹیشن پر آگ لگ گئی جس سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ فورا ٹرین کو روک کر آگ بجھانے والی گیس اور پانی پھینک کر آگ کو بجھایاگیا۔ تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کے بعد ٹرین کو روانہ کیا گیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین نمبر 215093سدبھاونا ایکسپریس آنند ویہار رکسولی جب جونپور اوڑھیال ریلوے لائن پر واقع گیٹ نمبر 21بی کے نزدیک پہنچی تبھی سلیپر کوچ کے ایس۔2 کمپارٹمنٹ کے بریک شور سے دھونا اور چنگاری نکلنے لگی۔
گیت مین جواہر لال سنگھ نے کیراکت ریلوے اسٹیشن ماسٹر کو ریڈ سگنل دے کر ٹرین کو روک دیا اور لوکو پائیلٹ اجئے کمار اور ستنوش گپتا کو ٹرین کے پہیے میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد ٹرین کے گارڈ سنیل کمار پال اور اسٹیشن ماسٹر دل سنگار کمار سمیت دیگر اسٹاف آگ بجھانے کی گیس ، بالو اور پانی کی بالٹی سے آگ بجھایا۔اور اس کے بعد معمولی خرابیوں کو دور کر کے ٹرین کو منزل کی طرف روانہ کردیا گیا۔
اسٹیشن ماسٹر دل سنگار نے بتایا کہ بریک شو جام ہوجانے کے بعد رگڑ سے آگ لگی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دو بریک شو جل گئے ہیں۔ ان کی مرمت کے بعد ٹرین کو روانہ کیا گیا۔آتشزدگی کی خبر لگتے ہی ٹرین مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ اور مقامی افراد بھی موقع پر پہنچ گئے۔