نئی دہلی (یو این آئی) شمال مغربی ہندوستان میں سردلہر کے درمیان دہلی میں پیر کو اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے قومی راجدھانی علاقے میں آئندہ شدید سردی کی لہر کی وجہ سے اگلے چھ دنوں کے لیے دہلی میں ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے آئی ایم ڈی کے مطابق، صفدرجنگ آبزرویٹری میں کم سےکم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے چھ ڈگری کم ہے اور ایک دہائی میں جنوری میں دوسرا سب سے کم ترین درجہ حرارت ہے۔ پچھلی بار صفدرجنگ میں جنوری 2021 میں کم از کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
لودھی روڈ کا کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ رج پر 2 ڈگری سیلسیس اور آئی جی آئی ایئرپورٹ، پالم پر یہ 5.3 ڈگری سیلسیس تھا۔
دریں اثنا، آئی ایم ڈی نے آج آسمان صاف اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ دہلی کے علاوہ راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ سمیت دیگر ریاستوں کے 18 جنوری تک شدید سرد لہر کی زد میں رہنےکے آثار ہیں۔
اس سے قبل، ایجنسی نے کہا تھا کہ آنے والے ہفتے میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کا امکان ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 21 ڈگری سیلسیس کے قریب واپس آسکتا ہے۔