نئی دہلی (یو این آئی) جامعہ ہمدرد کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ کرنل طاہر مصطفیٰ کو یونیورسٹی کا نیا رجسٹرار مقرر کر دیا گیا ہے انہوں نے 26 جولائی 2025 کو ڈاکٹر سرفراز احسن، رجسٹرار (آفیشیٹنگ) سے عہدہ سنبھالا۔ آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق کرنل طاہر مصطفیٰ ایک تجربہ کار منتظم اور ہندوستانی مسلح افواج کے ایک باصلاحیت افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ اپنی ایمانداری، قیادت اور انتظامی صلاحیتوں کے لیے مشہور ہیں اور انہوں نے حکومت ہند میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ کر خدمات انجام دی ہیں۔
حال ہی میں، انہوں نے وزارت دفاع (آرمی)، حکومت ہند کے آئی ایچ کیو میں سینٹر فار آٹومیٹڈ ملٹری سروے (سی اے ایم ایس) میں ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ بین الاقوامی سرحدی ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر اور وزارت خارجہ میں باؤنڈری سیل کے سربراہ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ اس سے قبل، وہ اے دی جی ملٹری سروے، نئی دہلی میں ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن اینڈ ٹریننگ) اور بہار جیو اسپیشل سینٹر، پٹنہ کے ڈائریکٹر تھے۔ ان کے ابتدائی اسائنمنٹس میں ہند-نیپال سرحد پر سروے فیلڈ انچارج اور سکم میں مشرقی سرحد پر ٹاسک فورس کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دینا شامل ہے۔ انہوں نے مرکزی، ریاستی اور نیم فوجی دستوں کی اعلیٰ ایجنسیوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔
ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں، کرنل طاہر مصطفیٰ کو 2007 میں ہندوستان کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل وی کے سنگھ کی جانب سے سکم میں ٹاسک فورس کمانڈر کے طور پر ان کے مثالی کام پر توصیفی سند سے نوازا گیا۔تعلیمی لحاظ سے، انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک، مدراس یونیورسٹی سے جغرافیہ میں ایم ایس سی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں، اور انہوں نے اسٹریٹجک اہمیت کے مختلف بنیادی اور ایڈوانس کورسز مکمل کیے ہیں۔
جامعہ ہمدرد کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے نے کرنل طاہر مصطفیٰ کو ان کی تقرری پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا وسیع انتظامی تجربہ اور قیادت جامعہ ہمدرد کی ترقی، فروغ اور بہترین کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔واضح رہے کہ جامعہ ہمدرد ایک سرکاری امداد یافتہ ڈیمڈ ٹو بی یونیورسٹی ہے۔