نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما کے خلاف الیکشن کمیشن کو میمورنڈم دے کر شکایت درج کرائی اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، تلنگانہ کانگریس کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، تلنگانہ کانگریس کے صدر ریونتھ ریڈی، چیف الیکشن کمیٹی کے رکن اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ملو بھٹی وکرمارک نے بدھ کو کمیشن سے مل کر اس کی شکایت کی اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں نے چھتیس گڑھ میں انتخابی ریلی کے دوران سماج کے کچھ طبقوں کو ایک دوسرے کے خلاف اکسانے کی نیت سے بیانات دیئے ہیں اور ان کے یہ بیانات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔
کمیشن میں شکایت درج کرانے کے بعد مسٹر رمیش نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیشن کو آٹھ معاملات میں میمورنڈم دیے گئے ہیں۔ اس میں پہلا میمورنڈم مسٹر شاہ اور دوسرا مسٹر سرما کے چھتیس گڑھ میں دئے گئے بیانات سے متعلق ہے، جس میں انہوں نے تفرقہ انگیز اور اشتعال انگیز بیانات دیئے تھے، جب کہ تیسرا افسران کو رتھ انچارج اور فوج کی سیاست کاری اور چوتھا مدھیہ پردیش کے وزیر گووند سنگھ راجپوت کے خلاف ہے، جس میں انہوں نے بوتھ انچارجوں کو رشوت دینے کی بات کی ہے۔ چار شکایات تلنگانہ حکومت کے ماڈل الیکشن کوڈ کی خلاف ورزی سے جڑے مختلف مسائل سے متعلق ہیں۔
اس دوران مسٹر خورشید نے کہا کہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے تفرقہ انگیز مسائل اٹھانے کو لے کر کمیشن کے سامنے مسٹر شاہ اور مسٹر سرما کے خلاف شکایات پیش کی گئی ہیں۔
کانگریس نے امید ظاہر کی ہے کہ کمیشن مذکورہ شکایات کا فوری اور وقتی طور پر نوٹس لے گا۔