علی گڑھ: شعبہ عربی ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلباء کے درمیان کوئز اور تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ کے طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
کوئز کے تحت عربی زبان وادب سے متعلق دور جاہلی سے دور جدید تک کے معروضی سوالات پوچھے گئے۔ تقریری مقابلہ میں بی اے اور ایم اے کے طلباء کے ساتھ ساتھ ریسرچ اسکالروںنے بھی حصہ لیا۔ تقریر کے لئے تین عناوین دیے گئے تھے:۱- ہم عربی زبان کیوں سیکھیں؟۲- ہم عربی زبان کیسے سیکھیں؟اور ۳- ہندوستان میں عربی زبان وادب ۔ ہر ایک طالب علم کوچھ منٹ کا وقت اپنی مافی الضمیر کی ادائیگی کے لئے دیا گیا تھا اور سبھی نے مقررہ وقت کے اندر اپنے اپنے موضوع پر عربی زبان میں تقریریں کیں۔
حکَم کے فرائض شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے چیئر پرسن پروفیسر عبد الحمید فاضلی اور شعبہ عربی کے اساتذہ ڈاکٹر عبد الجبارو ڈاکٹر احسان اللہ خاں نے انجام دیئے۔صدر شعبہ عربی پروفیسر محمد ثناء اللہ ندوی نے پروگرام کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلہ جاتی پروگراموں سے طلباء کے اندر تحریری و تقریری صلاحیت نکھرتی ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور طلباء کومستقبل کے امتحانات کی تیاری میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے طلباء کو سرٹیفیکٹ کے ساتھ ساتھ انعامات سے نوازے جانے کا بھی اعلان کیا۔صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز پروفیسر عبدالحمید فاضلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ طلباء نے بہت اہم موضوع پر عربی زبان میں تقریریں کیں اسکے لئے صدر شعبہ عربی پروفیسر ثناء اللہ ندوی قابل مبارکباد ہیں کہ انہوں نے اس طرح کے پروگرام کی ابتداء کی جس سے شعبہ عربی کے طلباء کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔ پروفیسر تسنیم کوثر قریشی نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے طلباء کو مبارکباد دی۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عرفات ظفر نے انجام دئے ، جب کہ کنوینر ڈاکٹر احسان اللہ خاں نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔