پٹنہ 11 جنوری( یواین آئی )کانگریس نے 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لیے کمر کس لی ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ نے جمعرات کو انتخابی سرگرمیوں کے انتظام کے لیے بہار کانگریس ہیڈکوارٹر میں وار روم بنانے کا اعلان کیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور قانون ساز کونسل کے رکن پریم چندر مشرا کو وار روم کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے نام کا اعلان ڈاکٹر سنگھ نے کیا۔ وار روم دہلی کے 24 اکبر روڈ پر واقع آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر سے براہ راست منسلک ہوگا۔ یہ وار روم آئندہ لوک سبھا انتخابات سے متعلق کانگریس پارٹی کی جارحانہ مہم کو تیز کرنے کے ارادے سے بنایا گیا ہے۔
صداقت آشرم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی موجودگی میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ ریاستی قیادت کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک وار روم بنایا جائے۔اس میں ریاستی انچارج موہن پرکاش کے علاوہ ریاستی صدر کے ساتھ کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان بھی موجود تھے۔
اس پریس کانفرنس کا اہتمام راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا سے متعلق ایک کتابچہ جاری کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ کانگریس کے قومی ترجمان آلوک شرما نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی کے دس سالہ دور حکومت کا کچا چٹھاکھول دیا۔
میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ریاستی صدر ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم پر کوئی مسئلہ نہیں ہے اور وہ بات چیت کی پیش رفت سے مطمئن ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کشن گنج کانگریس کی سیٹ ہے اور اس پر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ سیٹ شیئرنگ میں تاخیر پر میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے اور بی جے پی میں بھی سیٹ شیئرنگ ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔
پریس کانفرنس میں موجود لیڈروں میں کانگریس قانون سازیہ پارٹی کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان، سابق صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا، سابق وزیر وینا شاہی، وجے شنکر دوبے، پریم چندر مشرا، ایم ایل اے وجیندر چودھری، ونے ورما، لال بابو لال، اور برجیش پانڈے، راجیش راٹھوڑ اور برجیش پرساد منن وغیرہ موجود تھے۔