دہرادون/نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے ایک دن بعد اتوار کو اتراکھنڈ کے بدری ناتھ اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ایم ایل اے نے پارٹی اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنیت میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے ساتھ کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر دھن سنگھ نیگی، جو پہلے ٹہری سے الیکشن لڑ چکے تھے، بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ دریں اثناء قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے نشست خالی قرار دے دی۔
نئی دہلی میں آج اتراکھنڈ کے بدری ناتھ حلقہ سے ایم ایل اے اور سابق وزیر راجندر سنگھ بھنڈاری نے کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، مرکزی وزیر پیوش گوئل، پوڑی لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار انیل بلونی اور اتراکھنڈ کے بی جے پی انچارج دشینت گوتم نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ ان کے ساتھ ٹہری حلقہ سے کانگریس کے امیدوار دھن سنگھ نیگی بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے۔