نئی دہلی۔دارالعلوم رحمانیہ، سنگم وہار، نئی دہلی ملحقہ ندوۃ العلما میں جلسہ دستار بندی و سالانہ تقسیم انعامات کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز عبدالرحمن کی تلاوت سے ہوا جبکہ علی احمد نے نعت پاک پیش کی۔ اس موقع پر علماء کرام کے ہاتھوں چھ حفاظ کرام کی دستار بندی عمل میں آئی۔ جلسہ کی صدارت فرما رہے مولانا عبدالحنان قاسمی (نائب صدر جمعیۃ علماء ہند) نے عوام سے مدارس سے جڑنے اور مدارس کی بھرپور مدد کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کی وجہ سے ہمارا تشخص اور ہماری پیاری زبان اردو زندہ و تابندہ ہے۔ صدر مفتی آل انڈیا فقہ اکیڈمی مفتی احمد نادرالقاسمی نے عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بتایا۔ پارلیمنٹ مسجد کے امام مولانا محبت اللہ ندوی نے حفظ مکمل کرنے والے طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے طلبا کو ان کی آئندہ کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا۔ مفتی عبدالرزاق (سکریٹری جمعیۃ علماء ہند صوبہ دہلی) نے عوام سے اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے زندگی گزارنے کی ترغیب دی۔ مولانا محمود احمد قاسمی (امام مدینہ مسجد، گووندپوری) نے اپنے مختصر و جامع خطاب میں علماء کرام و حفاظ کرام کے معاشی مسائل کے تعلق سے عوام کی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ عزوجل اپنے نیک بندوں کو کبھی رسوا نہیں ہونے دیتا۔
پروگرام کی نظامت کر رہے نوجوان عالم دین ارشد ندوی نے اپنی نظامت سے پورے پروگرام کو منظم رکھا اور سامعین ان کی نظامت سے محظوظ ہوتے رہے۔ مدرسہ کے مہتمام محمد معراج خاں ندوی کے اظہار تشکر اور مولانا امجد بستوی کی پرسوز عا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔ اہم شرکاء میں مفتی عاشق الٰہی، مفتی شادمان قاسمی، مولانا عبدالسمیع قاسمی، عبدالستار ندوی، ڈاکٹر محمد سعد ندوی، ڈاکٹر اطہر الٰہی خان، ڈاکٹر شفیق مظاہری کے علاوہ علاقہ کی سینکڑوں معزز شخصیات شامل تھیں۔