ممبئی: مہاراشٹر قانون سا زاسمبلی میں ایس ایم ایس کمپنی بند کرنے پر ایوان اسمبلی میں رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے سرکار سے سوال کیا کہ متعدد مرتبہ مطالبہ کے باوجود اب تک ایس ایم ایس کمپنی بند نہیں کی گئی ہے اس کمپنی کے سبب مہلک بیماریاں علاقہ میں عام ہیں، ٹی بی سمیت دیگر مہلک بیماریوں کے سبب انسانی جانوں کے ضیاع ہو رہا ہے لیکن سرکار اس سے چشم پوشی کر رہی ہے بی ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں نے اس پر اب تک کوئی بھی کارروائی نہیں کی ہے انہوں نے اس سنجیدہ موضوع پر توجہ مبذول کراتے ہوئے تمام اراکین کی اس پر توجہ مبذول کروائی جس کے بعد اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے بھی اس پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے سرکار کو فوری طور پر کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ حلقہ اعظمی جی کا ہے یہاں کمپنی کے سبب انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں اعظمی کی شکایت کا ازالہ ہونا ضروری ہے کیونکہ وہ متعدد مرتبہ اس موضوع پر آوازبلند کر چکے ہیں لیکن انہیں انصاف نہیں ملا ہے۔
کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے بھی اس پر تشویش کااظہار کر تے ہوئے ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ رکن اسمبلی کو انصاف دینا ہمارا فرض ہے اس لئے اس پر فوری طور پر کارروائی ہونی چاہئے۔
ادیتہ ٹھاکرے نے بھی اس مسئلہ پر توجہ دینے کی بات کہی اور کہا کہ اس سلسلے میں جب وہ ضروری کارروائی کرے۔ اس پر وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے ایوان کو بتایا کہ ایس ایم ایس کمپنی سے متعلق ضروری کارروائی اور اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے اور یہ کارروائی اقبال سنگھ چہل کریں گے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔