سری نگر،یکم جولائی (یو این آئی)قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آی اے) کی طرف سے مجبوس منتخب رکن پارلیمان انجینئر رشید کو لوک سبھا رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی اجازت ملنے کے گھنٹوں بعد کشمیر کے کئی مین اسٹریم لیڈروں نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کشمیر کے کئی مین اسٹریم لیڈروں نے محبوس منتخب رکن پارلیمان انجینئر رشید کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ”این آئی اے نے انہیں اجازت دےدی اور وہ لوک سبھا سپیکر کے کمرے میں حلف لیں گے، افسوس کی بات ہے بارہمولہ کے لوگوں کو اپنا نمائندہ ابھی نہیں ملے گا، حلف لینے کیلئے تو انہیں اجازت دی جائے گی لیکن بحیثیت نمائندہ وہ کام نہیں کر پائیں گے“۔
واضح رہے کہ حالیہ عام انتخابات میں جیل میں بند انجینئر رشید نے جموں و کشمیر کی بارہمولہ لوک سبھا سیٹ پر عمر عبداللہ اور پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون کو شکست دی۔انجینئر رشید، جو عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ ہیں، اس وقت دہشت گردی فنڈنگ کے ایک مقدمے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں مقید ہے اور 25 جون کو جب لوک سبھا میں ان کا نام پکارا گیا تو وہ رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف نہیں اٹھا سکے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت ہند انجینئر رشید کو رہا کرے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا:”یہ شرم کی بات ہے کہ انجینئر رشید بے بنیاد الزامات کے تحت 2019 سے جیل میں بند ہیں۔ یہ جان کر راحت ملی کہ انہیں ممبر پارلیمنٹ کے طور پر حلف لینے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طورپر جیلوں میں بند پڑے کشمیریوں کے ساتھ ساتھ انجینئر رشید کی رہائی کو بھی یقینی بنائے۔ ‘
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے انجینئر رشید کو حلف اٹھانے کی اجازت دینے کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے ایکس پر لکھا :’انجینئر رشیدکو این آئی اے کی جانب سے بطور ممبر پارلیمنٹ حلف اٹھانے کی اجازت دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس فیصلے سے شمالی کشمیر کے لاکھوں ووٹروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم منتخب ممبر پارلیمان کو میڈیا کے سامنے آنے پر روک لگانا تشویشناک ہے ۔ ‘
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے ترجمان سلمان نظامی نے کہا کہ انجینئر رشید کو اب رہا کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ بالآخر انجینئر رشید پارلیمنٹ میں حلف اٹھائیں گے ، این آئی اے نے انہیں پانچ جولائی کو بطور ممبر پارلیمنٹ حلف لینے کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انجینئر رشید نے تاریخی جیت حاصل کی ، ہم این آئی اے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔