عدالت عظمیٰ کی پھٹکار کے ایک دن بعد ایس بی آئی نے حکم کی تعمیل کی
نئی دہلی، 12 مارچ (یو این آئی) سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے منگل کو انتخابی بانڈز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو پیش کیں۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ٹویٹ کرکے اس کی تصدیق کی ہے۔
سپریم کورٹ کے 15 فروری اور 11 مارچ کے احکامات کے مطابق الیکشن کمیشن کو 15 مارچ کی شام 5 بجے تک ایس بی آئی کو موصول ہونے والی اطلاعات کو اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنا ہوگا۔ ایس بی آئی نے انتخابی بانڈ کی اطلاعات کو عام کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے وقت مانگا تھا لیکن سپریم کورٹ نے بینک کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ٹویٹر پر لکھاکہ "انتخابی بانڈز سے متعلق ڈیٹا ایس بی آئی نے 15 فروری اور 11 مارچ 2024 کے اپنے احکامات کی تعمیل میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو آج فراہم کیا ہے۔” سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں منگل کو کام کے اوقات کے اختتام تک تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کے حوالے کرنے کو کہا تھا۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن جلد ہی ایس بی آئی کو موصول ہونے والی معلومات کو اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا عمل شروع کرے گا۔
ایس بی آئی نے 2018 میں اسکیم کے آغاز کے بعد سے 30 قسطوں میں 16,518 کروڑ روپے کے انتخابی بانڈ جاری کیے تھے۔ انتخابی بانڈز کو سیاسی جماعت کی طرف سے اختیار کردہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کیش کیا جانا تھا۔ ایس بی آئی ان بانڈز کو جاری کرنے کا واحد مجاز بینک ہے۔ انتخابی بانڈز کی پہلی فروخت مارچ 2018 میں ہوئی تھی۔15 فروری کو ایک تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ نے مرکز کی انتخابی بانڈ اسکیم کو "غیر آئینی” قرار دیتے ہوئے اسے ختم کر دیا تھا۔