حیدرآباد(یواین آئی)تمل ناڈو کے وزیراعلی اسٹالن کی زیرقیادت ڈی ایم کے پارٹی نے کہا ہے کہ اس نے 30نومبرکو ہونے والے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔اپنے بیان میں اسٹالن نے اپنے تلنگانہ یونٹ سے کہاکہ تمام کارکنوں کو چاہئے کہ وہ کانگریس کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے کام کریں۔تمل ناڈو میں ڈی ایم کے، کانگریس کی اتحادی جماعت ہے اور دونوں جماعتیں آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات میں مل کر حصہ لیں گی۔ڈی ایم کے نے ساتھ ہی الیکشن ورکنگ کمیٹی کے قیام کے لئے بھی کانگریس کے ساتھ اشتراک کرنے کی ہدایت دی ہے۔ڈی ایم کے کا فیصلہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی نے اس تلگو ریاست میں ہونے والے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے کہاکہ اس فیصلہ کامقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ووٹوں کی تقسیم نہ ہونے پائے۔
خیال رہے کہ تلنگانہ میں انتخابی مہم کے اختتام کے لئے صرف ایک ہفتہ کا وقت رہ گیا ہے، اس تلگوریاست میں مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں تیزی پیداکردی ہے۔سال 2014میں متحدہ آندھراپردیش کو تقسیم کرتے ہوئے تشکیل دی گئی اس نئی ریاست میں جہاں اسمبلی کے تیسری مرتبہ انتخابات ہونے والے ہیں کی پولنگ اس ماہ کی 30تاریخ کو مقرر ہے۔تمام سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں کی حمایت میں ریاست کے مختلف حلقوں میں سرگرمی کے ساتھ انتخابی مہم چلارہی ہیں۔گھر گھر پہنچ کر عوام سے اپنے امیدواروں کو ووٹ دیتے ہوئے انہیں کامیاب کرنے کی بھی خواہش کی جارہی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔انتخابی مہم کا اختتام اس ماہ کی 28تاریخ کو ہوگا۔چیف الکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ایسا ماحول تیار کیا ہے کہ جس میں رائے دہندے آزادانہ طورپر بغیر کسی دباو کے اپنے ووٹ کا استعمال کرپائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام سطح پر الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایمس) کی جانچ کرلی گئی ہے۔اس بات کو یقینی بنایاجائے گا کہ رائے دہی کے دن کسی بھی خامی کے بغیر ووٹ ڈالے جائیں۔انہوں نے رائے دہندوں کومشورہ دیا کہ وہ کسی بھی طرح کی انتخابی بے قاعدگی پر الیکشن کمیشن کو شکایت کریں۔