یونیورسٹی کیمپس میں واقع مرحوم کے مقبرے پر دعائیہ مجلس کا اہتمام
نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں واقع مرحوم ڈاکٹر ذاکرحسین کے مقبرے پر آج دعائیہ مجلس کے اہتمام کے ساتھ ان کی ایک سو چھبیسویں یوم پیدائش منائی گئی۔یہ جانکاری جامعہ کے تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرحوم ڈاکٹر ذاکر حسین ہندوستان کے سب سے بڑے شہری اعزازبھارت رتن یافتہ،ملک کے تیسرے صدر جمہوریہ اورجامعہ ملیہ اسلامیہ کے تیسرے شیخ الجامعہ رہ چکے ہیں۔ دعائیہ تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے عہدیداران،جامعہ اسکول کے طلبا اور ڈاکٹر ذاکر حسین کے کنبے کے اراکین نے شرکت کی۔
پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈاکٹر ذاکرحسین کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر جامعہ برادری کو اپنے پیغام میں کہا کہ ’یونیورسٹی کے لیے ان کی خدمات اور پرخلوص تعاون بے پایاں ہیں۔ وہ ایک ایسے فاضل ماہر تعلیم تھے جنھوں نے یونیورسٹی اور قوم وملت کی خوشحالی اور بہبود میں اپنی بصیرت و دانشمندی،غیر معمولی اعتقاد اور بے انتہا دلچسپی کی وجہ سے یونیورسٹی کے وقار و مرتبہ کو بلند کیا تھا۔‘
انھوں نے مزید کہاکہ’ان کی ایک سو چھبیسویں یوم پیدائش پر انھیں عزت و احترام کے ساتھ یاد کرنا اور ان کی تعظیم بجا لانے کو ہم اپنا مقدس فریضہ تصور کرتے ہیں‘۔