نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے پیدل سفر کرنے والا ہندوستانی نوجوان شہاب چتور واگھابارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا ہے۔ چتور گذشتہ چار ماہ سے پاکستان میں پیدل سفر کی اجازت اور ویزا ملنے کا انتظار کررہے تھے۔
ہندوستانی ریاست کیرالا کے رہائشی مسلمان نوجوان شہاب چتور نے دو جون 2022 کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ گزشتہ سال ستمبر میں امرتسر پہنچے تھے اور پاکستان کی طرف سے پاکستان سے پیدل گزرنے کی اجازت اور ویزے کا انتظار کررہے تھے، لیکن پاکستان اور ہندوستان کے مابین ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے شہری کو پیدل ٹرانزٹ ویزا فراہم کریں گے۔اس وجہ سے شہاب چتور کو کئی ماہ امرتسر کے ایک اسکول میں قیام کرنا پڑا اور اب پاکستان کی طرف سے انہیں لاہور کا دو دن کا ٹرانزٹ ویزا ملنے کے بعد وہ پاکستان پہنچے ہیں۔
پاکستان میں داخل ہونے کے وقت کی پہلی تصویر
شہاب چتور نے واہگہ اٹاری سرحد عبور کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو جبکہ پاکستان پہنچنے کے بعد چائے پیتے ہوئے اپنی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔شہاب چتور اب تک 3,300 کلومیٹر پیدل سفر طے کر چکے ہیں، جس میں کیرالہ سے پنجاب تک سات ریاستوں کا سفرشامل ہے۔ شہاب، جس نے 2 جون کو ملاپورم سے اپنا 8,640 کلومیٹر کا سفر شروع کیا تھا، ستمبر 2022 میں واہگہ بارڈر کے قریب پہنچے تھے لیکن اس کے پاس ٹرانزٹ ویزا نہ ہونے کی وجہ سے سرحد پار نہ ہوسکی۔شہاب چتور نے بتایا کہ ان کیلئے یہ سفر صرف پیدل چلنے کے سبب سخت یا چیلنج نہیں بلکہ اس کی تیاری اور منظوری حاصل کرنے میں بھی بہت محنت کرنی پڑی ہے۔ پیدل حج پر جانے کی اجازت حاصل کرنے میں تقریباً 6 ماہ لگے تھے۔ شہاب چتور کا کہنا ہے کہ میں نے ہمت نہیں ہاری، دہلی میں سفارت خانوں کے چکر لگاتے رہے اورآخرکار اجازت مل گئی۔