لکھنؤ 04 جون (یو این آئی) مرکزی وزیر دفاع اور لکھنؤ کے رکن پارلیمنٹ راج ناتھ سنگھ نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو مکمل اکثریت دینے پر ملک کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری مدت کار میں ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے لکھنؤ سے جیت کی ہیٹ ٹرک کرنے پر ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ کے لوگوں نے مجھے مسلسل تیسری بار لوک سبھا میں نمائندگی کا موقع دیا ہے۔ اس کے لیے میں لکھنؤ کے تمام لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر ان کارکنوں کا مشکور ہوں جنہوں نے اس شدید گرمی میں سخت محنت کی۔ میری کوشش ہوگی کہ آنے والے برسوں میں لکھنؤ کو نہ صرف اتر پردیش اور ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں ایک اسمارٹ اور جدید شہر کے طور پر قائم کیا جائے۔مسٹر سنگھ نے کہا، "لوک سبھا انتخابات میں مسلسل تیسری بار بی جے پی کی کامیابی پارٹی کارکنوں کے پسینے اور محنت کی جیت ہے۔ تمام کارکنوں نے بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کی رہنمائی میں پورے ملک میں اپنی بہترین اور انتھک کوششیں کی ہیں۔ اس کے لیے میں تمام بی جے پی کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے کو ملی کامیابی اور انہیں تیسری بار حکومت بنانے کا مینڈیٹ دینے کے لئے ملک کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ این ڈی اے کی یہ جیت مودی جی کی عوامی بہبود کی پالیسیوں اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے تئیں ان کی لگن کی جیت ہے۔ ہندوستانی عوام کو ان کی قیادت پر بے پناہ اعتماد ہے۔ہندوستان وزیر اعظم کی قیادت میں ترقی یافتہ ہندوستان بننے کے عظیم مقصد کو حاصل کرنے کے لیے امرت کال میں ایک قابل اور طاقتور قوم کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔
مودی جی تیسری بار وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں اور ان کی قیادت میں ہم سب ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے نئی توانائی اور جوش کے ساتھ کام کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ منگل کو اعلان کردہ انتخابی نتائج میں، راجناتھ سنگھ نے ایس پی کے رویداس ملہوترا کو 1 لاکھ 35 ہزار 159 ووٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار پارلیمانی حلقہ سے کامیابی حاصل کی ہے۔