جے پور(یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج یہاں ریاست کے تین شہروں جے پور، جودھ پور اور ادے پور میں ریلائنس جیو کی 5 جی انٹرنیٹ سروس کا آغاز کیا۔ مسٹر گہلوت نے جھلانہ ادارہ جاتی علاقے میں واقع بھماشاہ ٹیکنو ہب سے اس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ سروس انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے۔ اس سے ریاستی حکومت کے حساس، شفاف اور جوابدہ گڈ گورننس کے ہدف کو مزید تقویت ملے گی۔ مسٹر گہلوت نے تقریب میں جیو گلاس اور کمیونٹی کلینک کے پروڈکٹس کا بھی آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ انٹرنیٹ ڈیٹا کا استعمال راجستھان میں ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہاں انٹرنیٹ تعلیم، طب، صنعت، روزگار، زراعت سمیت ہر شعبے کی توسیع میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے آئی ٹی کے حوالے سے جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہو رہا ہے۔ سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے۔ عبدالکلام نے یہ بھی کہا تھا کہ نئی نسل کو خواب دیکھنے چاہئیں۔ آج انٹرنیٹ سروس ان خوابوں کی تعبیر میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ جھلانہ میں راجستھان انٹرنیشنل سنٹر جلد ہی شروع ہوگا۔ یہاں اسٹارٹ اپ سمیت آئی ٹی پر مبنی کام کرنے والے نوجوانوں کو ایک بڑا پلیٹ فارم ملے گا۔ حال ہی میں راجیو گاندھی سنٹر آف ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی (R-Kate) شروع کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی جودھ پور میں 680 کروڑ روپے کی لاگت سے فنٹیک انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھ کر نوجوانوں کے لیے راہ ہموار کر رہی ہے۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران انٹرنیٹ کے ذریعے ہی 500 سے زیادہ ویڈیو کانفرنسنگ کی گئی۔ ان میں، مرکزی حکومت، ضلعی انتظامیہ کے افسران، عام لوگوں اور غیر ملکی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کرکے کووڈ مینجمنٹ کو یقینی بنایا گیا۔ تقریباً 33 لاکھ لوگوں کو ڈی بی ٹی کے ذریعے فوری امداد فراہم کرکے بھوکا نہیں سونے دیا گیا۔ اس کی وجہ سے ہسپتالوں اور گھروں میں کورونا کے مریضوں کی مسلسل نگرانی بھی ممکن ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے 22 لاکھ کسانوں کے 14 ہزار کروڑ روپے کے قرض معاف کر دیے ہیں۔ ان کی فہرست صرف انٹرنیٹ سروس کے ذریعے عام لوگوں کی معلومات کے لیے دستیاب کرائی گئی ہے۔ اب ہر شعبہ آئی ٹی سے جڑا ہوا ہے۔ ہر محکمے میں تین فیصد آئی ٹی بجٹ رکھا گیا ہے۔ تمام عوامی فلاحی اسکیمیں اور فیصلے شفافیت کے ساتھ آن لائن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چرنجیوی ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت انٹرنیٹ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج اور نگرانی بھی ممکن بنائی گئی ہے۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ ای گورننس کی وجہ سے عام آدمی کو عوامی شعبے کی زیادہ سے زیادہ خدمات تیز رفتاری سے مل رہی ہیں۔ راجستھان اس میدان میں ملک کی سرفہرست ریاست ہے۔ راجستھان میں 80 ہزار سے زیادہ ای دوست کام کر رہے ہیں، جن کے ذریعے 550 سے زیادہ سرکاری خدمات کے فوائد عام لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔
شہری ترقیات اور مکانات کے وزیر شانتی کمار دھاریوال نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے ریاست میں سہولیات کا بہتر انتظام، شہروں کے ساتھ مہم اور انتظامیہ سمیت ہر شعبے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز راجستھان کے صدر امیش بھنڈاری نے کہا کہ لامتناہی امکانات سے بھری یہ سروس ٹیلی کام سیکٹر میں ایک انقلاب ہے۔ کوٹا میں اس مہینے اور بیکانیر اور اجمیر میں فروری میں 5G سروس شروع کرے گی۔
اس موقع پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر ڈاکٹر مہیش جوشی، فوڈ اینڈ سول سپلائیز کے وزیر پرتاپ سنگھ کھچاریاواس، راجستھان حج کمیٹی کے صدر امین کاگجی، سماجی بہبود بورڈ کی صدر ڈاکٹر ارچنا شرما، ایم ایل اے کالی چرن صراف، میونسپل کارپوریشن جے پور ہیریٹیج کے میئر منیش گرجر، ایڈیشنل چیف سکریٹری اکھل اروڑہ اور دیگر عوامی نمائندے اور سینئر افسران موجود تھے۔
یو این آئی۔ خ س۔ ع ا۔