کوٹا، 17 جولائی ( یو این آئی ) کوٹا کے ریلوے اسٹیشنوں پر غیر قانونی وینڈروں پر روک لگانے کے لیے ریلوے پلیٹ فارم کے مطابق ڈریس کوڈ مقرر کئے گئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی وینڈروں پر قابو پانے کے لیے اگرچہ اسٹیشنوں پر کمرشل افسران اور کیٹرنگ انسپکٹرز کی جانب سے وقفے وقفے سے اچانک معائنہ کیا جاتا ہے لیکن اب اشیائے خوردونوش کا معیار بہتر نہ ہونے کی شکایات پر فوری کارروائی کرنے اور غیر قانونی وینڈروں پر لگام لگانے کے لئے ہر پلیٹ فارم پر وینڈروں کو ایک مخصوص رنگ کا لباس پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پلیٹ فارم نمبر ایک پر بلیک کلر کی ٹی شرٹ، پلیٹ فارم نمبر دو اور تین پر نارنجی کلر کی ٹی شرٹ اور پلیٹ فارم نمبر چار پر بلیو کلر کی ٹی شرٹ اور بلیک کلر کی پینٹ شامل ہیں۔ جس سے مسافر آسانی سے جائز اور غیر قانونی وینڈروں کی شناخت کر سکیں گے۔ اس تجویز کردہ ڈریس کوڈ کی ٹی شرٹ کی پشت پر اور جیب پر لائسنس ہولڈر کا نام اور یونٹ آئی ڈی اور پی ایف نمبر پرنٹ ہوگا۔
اس کے علاوہ تمام وینڈروں کے گلے میں مقررہ شفٹ کے مطابق کلر کوڈڈ شناختی کارڈ ہوگا۔ صبح کی شفٹ کے لیے سرخ رنگ، شام کی شفٹ کے لیے سبز اور رات کی شفٹ کے لیے نیلے رنگ کے شناختی کارڈ فراہم کیے گئے ہیں۔ اس وقت ڈویژن کے مختلف بڑے اسٹیشنوں پر کل 66 لائسنس یافتہ کیٹرنگ اسٹالز کام کر رہے ہیں۔












