رانچی (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈسک) :انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یعنی ای ڈی نے غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے تاجر پریم پرکاش کو گرفتار کیا ہے۔ ای ڈی نے انہیں منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔
دھیان رہہے کہ اس سے پہلے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے رانچی میں واقع تاجر کے کرائے کے مکان پر چھاپے کے دوران دو اے کے 47 رائفل اور کچھ گولیاں برآمد کی تھیں۔ ای ڈی کے ایک اہلکار نے کہا تھا کہ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ ہتھیار کس کے ہیں۔ اس چھاپے کے بعد سیاسی گلیاروں میں الزامات اور جوابی الزامات کا دور شروع ہو گیا ہے۔ ایک طبقہ ان پر اقتدار کے قریب ہونے کا الزام لگا رہا ہے، جب کہ جھارکھنڈ میں حکمراں پارٹی جے ایم ایم کے رہنماؤں کا الزام ہے کہ پریم پرکاش دراصل بی جے پی رہنماؤں کے قریب ہیں۔
کچھ دن پہلے ای ڈی کی ٹیم نے رانچی کے اشوک نگر میں پریم پرکاش کے کرائے کے مکان پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد لمبی پوچھ گچھ ہوئی تھی۔ اس کے بعد یہ واقعہ کچھ دنوں تک زیر بحث نہیں رہا لیکن 24 اگست کو ان سے متعلق کچھ مقامات پر چھاپوں کے بعد پھر سے بحثوں کا بازار گرم ہو گیاتھا۔