علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں داخلہ کے لئے بی ایس سی آنرز، بی کام آنرز اور بی اے آنرز کے داخلہ امتحانات اتوار کو علی گڑھ سمیت ملک کے دیگر مراکز پر خوش اسلوبی کے ساتھ دو مرحلوں میں منعقد ہوئے۔ پہلے مرحلہ میںصبح دس بجے سے دوپہر بارہ بجے تک بی ایس سی اور بی کام کے داخلہ امتحانات ہوئے۔ بی ایس سی اور بی کام کے داخلہ امتحانات میں حسب ترتیب 7431 اور 3182امیدواروں نے حصہ لیا۔ بی ایس سی میں داخلہ کے لئے 8844 اور بی کام کے لئے 3713 امیدواروں نے داخلہ فارم پُر کیے تھے ۔ دوسری طرف بی اے آنرز کا داخلہ امتحان علی گڑھ میں 12 مراکز سمیت چنندہ شہروں کے مراکز پر سہ پہر چار بجے سے شام چھہ بجے تک منعقد ہوا، جس کے لئے 7394؍امیدواروں نے فارم پُر کئے تھے۔ داخلہ امتحان کے انعقاد پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا: ’’داخلہ امتحانات دو شفٹوں میں پرامن طریقہ سے منعقد کیے گئے۔‘‘ انہوںنے یونیورسٹی کے دیگر حکام کے ساتھ داخلہ امتحان کے دوران مختلف مراکز کا دورہ کیااور انتظامات کا جائزہ لیا۔ کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ امتحان مراکز پر اساتذہ کو آبزرور اور سنٹر انچارج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کی مدد اور رہنمائی کے لئے اے ایم یو کیمپس میں مختلف مقامات پر کیمپ لگائے گئے تھے۔اے ایم یو میں این ایس ایس کے رضاکاروں اور ملازمین کی جانب سے امدادی کیمپ لگائے گئے جس میں باہر سے آنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے سرپرستوں کو امتحانی مراکز کی جانکاری دی گئی۔ سرپرستوں نے یونیورسٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔