علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کینیڈی ہال میں کلچرل ایجوکیشن سنٹر اور لبیک حج سوسائٹی، علی گڑھ کے زیر اہتمام یک روزہ حج تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں علی گڑھ ضلع کے 400 سے زائد عازمین حج نے شرکت کی اور امور حج سے واقفیت حاصل کی۔ وزارت اقلیتی امور کے ماسٹر حج ٹرینر جناب مونس خاں (دہلی) نے عازمین کو حج کے مسائل بتائے۔ وہ مکہ اور مدینہ کے حج کوآرڈنیٹر رہ چکے ہیں۔ مسٹر توفیق احمد خاں، سکریٹری ، لبیک حج سوسائٹی نے عازمین حج کو پروجیکٹر کے ذریعہ تفصیل سے بتایا کہ حج کے پانچ ایام میں کون سے امور اور کس طرح انجام دینے ہیں ۔جے این میڈیکل کالج کے ڈاکٹر کامران نے عازمین کو صحت کو بہتر رکھنے کے سلسلہ میں اہم باتیں بتائیں۔ مفتی ذاکر نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر الحاج محمد معین الدین خاں، طالب سبحانی، حاجی فیضان، رفیق الزماں، حاجی نصیر وغیرہ موجود رہے۔