لکھنؤ:پرانے لکھنؤ کے بلوچ پورہ میں 250 عینکوں کی تقسیم کے بعد، لکھنؤ کی معروف سماجی تنظیم عنبر فاؤنڈیشن کے ذریعہ سب سے پہلے 5000 غریب ضرورت مندوں میں عینکوں کی تقسیم پروگرام کے تحت، راج ناتھ سنگھ، وزیر دفاع، حکومت ہندکی سرپرستی سے آنکھوں کا مفت چیک اپ کیمپ شیعہ عالم مولانا محمد میاں عابدی، سنی عالم مولانا محمد مزمل، سینئر اردو صحافی امان عباس کے بدست دیوی وارڈ تروینی گنج نوبستہ میں لگایا گیا۔ جس میں غریب ضرورت مندوں کی آنکھوں کی مفت جانچ کرنے کے بعد 209 علاقہ مکینوں میں عینکیں تقسیم کی گئی۔ عنبر فاؤنڈیشن کے بانی وفا عباس نے بتایا کہ عنبر فاؤنڈیشن لکھنؤ میں ضرورت مند غریبوں میں 5000 چشمے تقسیم کرے گی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، اس کے ساتھ ساتھ فاؤنڈیشن غریب ضرورت مند بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکول کی فیس، کاپی، کتاب، یونی فارم،اسکول بیگ ان کی تعلیم کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق کام کرے گا۔اسی طرح غریب ضرورت مندوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرے گا۔ کیمپ کے مہمان خصوصی امان عباس نے کہا کہ اگر سماجی، تعلیمی، ثقافتی، ادبی تنظیمیں مل کر عنبر فاؤنڈیشن کی طرح ذمہ داری سے کام کریں تو ملک میں غربت نہیں رہے گی، بہت سی تنظیمیں حکومت سے گرانٹ لے کر کام کر رہی ہیں، اگر ایمانداری سے کام کریں تو ملک میں غربت کا خاتمہ ہو گا۔ غربت اور ضرورت دونوں ختم ہوں گے، مولانا محمد مزمل ندوی نے کہا کہ انسانیت ہر مذہب کی بنیاد ہے، ہر مذہب ہمیں انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے، اس موقع پر تمام مذاہب کے ضرورت مندوں کی بڑی تعداد عینک لگانے کے لیے موجود تھی۔