ممبئی: ڈاکٹر محمد دانش غنی (صدر شعبہ اردو، گوگٹے جوگلیکر کالج، رتناگری، مہاراشٹر) نے اپنے والد کی شخصیت اور شاعری پر کتاب ترتیب دےکر ایک بڑا کام کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد دانش غنی نے ہندوستانی پرچار سبھا کے ڈائریکٹر جناب سنجیو نگم سے ایک خوشگوار ملاقات کی۔ معروف ناقد ڈاکٹر محمد دانش غنی کی تصنیف "عبدالرحیم نشتر کی شعری خدمات” کو دیکھ کر جناب سنجیو نگم نے ان سے کہا کہ "میں آپ کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے اپنے والد کی شخصیت اور شاعری پر لکھے گئے مضامین ، تبصرے اور خطوط کو ترتیب دے کر ایک بڑا کام انجام دیا ہے جو آپ کی تحقیقی صلاحیت اور تنقیدی بصیرت کا بین ثبوت ہے۔”
ڈاکٹر محمد دانش غنی نے کہا کہ ” جس طرح سے جناب سنجیو نگم صاحب نے اردو کے تئیں اپنی محبت اور ایمانداری کا اظہار کیا اسے دیکھ کر میں حیران رہ گیا۔کاش ایسا خلوص ہم اردو والوں میں ہوتا تو ہم اردو کی زبوں حالی پر رونا چھوڑ کر کچھ تعمیری کرنے کی کوشش کرتے۔”
اس موقع پر راکیش کمار ترپاٹھی (پروجیکٹ کارڈینیٹر)، ناہیدہ خان(کمپوزیٹر آف”ہندستانی زبان“سہ ماہی اردو رسالہ)، تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔