نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو اٹھانے سے گریز کرتی ہے، اس لیے بدعنوانی، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر بات نہیں کی جاتی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے محترمہ واڈرا نے آج یہاں کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ عوام سے جڑے مسائل ایوان میں اٹھائے جائیں۔ حکومت عوامی سوالوں سے بھاگنا چاہتی ہے، اس لیے پارلیمنٹ میں کسی معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے کہا ‘بی جے پی حکومت نہیں چاہتی کہ موڈانی میگا اسکیم، گرتی ہوئی معیشت، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور منی پور میں بدامنی پر پارلیمنٹ میں بحث ہو۔ اڈانی کی بدعنوانی کی وجہ سے عوام کو بھاری بل ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ بحث اور سوالات سے بھاگنے کے لیے بی جے پی حکومت ایسے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر تردید ہو رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر بحث سے اتنا خوف کیوں؟ بی جے پی کیوں نہیں چاہتی کہ عوامی مسائل ایوان میں زیر بحث آئیں؟