لکھنؤ 26 دسمبر(یواین آئی)اترپردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے مختلف ریاستوں اوریوپی کے کئی اضلاع میں فرضی فرمیں بنا کر تقریباً 500 کروڑ روپے سے زائد کی جی ایس ٹی چوری کرنے والے ایک بین ریاستی گروہ کے آٹھ اراکین کو گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی جمعہ کو ایس ٹی ایف کی میرٹھ یونٹ نے پوچھ گچھ کے بعد انجام دی۔ گرفتار کیے گئے ملزمان میں دلشاد ملک، رمیش پٹیل، انکر تیواری، سوتنتر کمار تیواری، محمد وسیم، محمد سہیل اور جاوید ملک شامل ہیں۔ ایس ٹی ایف نے ان کے قبضے سے 90 فرضی فرموں کی مہریں، 18 موبائل فون، 54 بینک چیک بک، پین کارڈ، آدھار کارڈ، لیپ ٹاپ اور بڑی مقدار میں فرضی بل اور دستاویزات برآمد کیے ہیں۔
ایس ٹی ایف کے مطابق، یہ گروہ حقیقت میں کوئی تجارت کیے بغیر صرف کاغذوں پر فرضی کمپنیاں چلا رہا تھا۔ یہ لوگ فرضی انوائس اور ای-وے بل جاری کر کے ‘ان پٹ ٹیکس کریڈٹ’ (آئی ٹی سی) کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے تھے۔ اس دھوکہ دہی سے نہ صرف سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا بلکہ کئی تاجروں کو بھی غیر قانونی فائدہ پہنچایا گیا۔
یہ ملزمان میرٹھ، غازی آباد، دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں سرگرم تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ کے سرغنہ نے میرٹھ میں سافٹ ویئراورانسانی وسائل کا ایک پورا سیٹ اپ تیار کر رکھا تھا۔ واٹس ایپ کے ذریعے معلومات لے کر فرضی سیل انوائس تیار کیے جاتے تھے اور پھر رقم کو نقد یا دیگر ذرائع سے واپس اصلی فائدہ اٹھانے والوں تک پہنچایا جاتا تھا۔
ایس ٹی ایف نے بتایا کہ اس گروہ کا نیٹ ورک تمل ناڈو، کیرالہ، تلنگانہ، کرناٹک، مہاراشٹر، بہار اور دہلی سمیت کئی ریاستوں تک پھیلا ہوا تھا۔ اترپردیش کے میرٹھ، ہاپوڑ، نوئیڈا، کانپور اور لکھنؤ جیسے شہروں میں بھی ان کا جال پھیلا ہوا تھا۔ ابتدائی جانچ میں 500 کروڑ کی چوری کا پتہ چلا ہے، لیکن خدشہ ہے کہ یہ رقم مزید بڑھ سکتی ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔












