لکھنؤ(پریس ریلیز): امام باڑہ غفران مآبؒ میں ماہ محرم الحرام کی ساتویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جوادنقوی نے کہاکہ حضرت علیؑ پیغمبر اسلام کے بلافصل جانشین ہیں ،اس کے مختلف شواہد قرآن مجید،سنت پیغمبر اور تاریخ اسلام میں موجود ہیں ۔آیۂ بلغ اور واقعۂ غدیر حضرت علیؑ کے بلافصل جانشین اور وصیٔ رسول ہونے پر واضح دلیل ہیں ۔مولانانے شب ہجرت کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ حضرت علیؑ کو اللہ نے شب ہجرت اپنی مرضی کا مالک بنادیا اور علیؑ کا نفس خرید لیا ،جس کااشارہ قرآن مجید میں بھی موجود ہے ۔مولانانے مزید کہاکہ محمد و آل محمدؐ عالم علم لدنی ہیں ۔جس کا علم محدود ہو وہ اللہ کا نمائندہ نہیں ہوسکتا۔مولانا نے دوران تقریر کہاکہ اگر امام حسینؑ نے کربلاکے میدان میں قربانی پیش نہ کی ہوتی تو یزید حلال کو حرام قراردیدیتااور حرام کو حلال کردیتا۔مولانانے مزید کہاکہ یزید محرم رشتوں کو پامال کرتا تھا ۔کھلے عام فسق و فجور کرتا تھا ۔بندروں سے کھیلتا تھا ،شریعت محمدی ؐکا تمسخر کرتا تھا۔ایسا بے دین شخص امام حسینؑ سے بیعت کا مطالبہ کررہا تھا جس کے خلاف امام حسینؑ نے قیام فرمایا ۔مجلس کے آخر میں مولانانے امام حسنؑ کے کمسن فرزند حضرت قاسم ؑ کی شہادت کے واقعہ کو بیان کیا ۔مجلس کے بعد شبیہ تابوت حضرت قاسم برآمد ہوئی ،جس میں انجمنوں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی ۔