بیتول (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع کے جھلر تھانہ علاقے میں آج علی الصبح ایک بس اور کار کے درمیان زبردست ٹکر میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں دو جوڑوں کے علاوہ ماں اور ان کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں کار ڈرائیور زخمی ہوگیا ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) سمالا پرساد نے آج بتایا کہ یہ حادثہ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 35 کلومیٹر دور بیتول-پرتواڑہ روڈ پر جھلر کے قریب پیش آیا۔ کار میں سوار مزدور، جو بیس دنوں کے لیے مہاراشٹر کے کلمبھا گئے تھے ، کل رات کے قریب اپنے گاؤں کے لیے روانہ ہوئے تھے ۔ راستے میں صبح کے وقت کار اور بس کے درمیان زبردست ٹکر ہونے سے کار کے پرخچے اڑ گئے ۔ وہیں بس کے اگلے حصے کو بھی نقصان پہنچا۔کار سوار لکشمن بھسمکر (30) ساکن میندھا، کشن ماوسکر (32) ساکن مہدگاؤں، بیوی کسم ماوسکر (28) ساکن مہادگاؤں، انارکلی ماوسکر (35) ساکن مہادگاؤں، بیٹی سندھیا ماوسکر (05) بیٹا ابھی راج ماوسکر (ڈیڑھ سال) ساکن مہدگاؤں، امر دھوروے (35) ساکن چکھلر، منگل سنگھ اوئیکے (37) ساکن چکھلر، نند کشور دھوروے (48) ساکن چکھلر، شیام راؤجھربڑے (40) ساکن چکھلر اور بیوی رام کلی جھربڑے (35) ساکن چکھلر کی موت ہوگئی۔ایس پی پرساد نے بتایا کہ کار کا ڈرائیور زخمی ہوگیا ہے ، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ گاڑی کے ڈرائیور نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ حادثہ اچانک نیند آنے کی وجہ سے کار کے بس سے ٹکرانے کے بعد پیش آیا۔ مرنے والوں میں چھ مرد، تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ تمام مرنے والے ضلع کے کوتوالی تھانہ علاقے کے رہائشی ہیں اور زخمی کار ڈرائیور جھلر تھانہ علاقہ کا رہنے والا ہے ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کلکٹر امربیر سنگھ بینس اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سمالا پرساد نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور متوفی کے رشتہ داروں اور گاؤں والوں سے بات چیت کی۔ تمام لاشوں کا اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں جمعہ کو ہوئے ہولناک حادثے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا اور ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے بیتول میں سڑک حادثے میں جانوں کا ضیاع بہت افسوسناک ہے ، لواحقین کے تئیں گہری تعزیت۔ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو دو لاکھ اور زخمیوں کو 50-50 ہزار امداد کے طور پر دیے جائیں گے ۔دوسری جانب مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بیتول ضلع کے جھلر تھانہ علاقے میں سڑک حادثے میں گیارہ لوگوں کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔سرکاری اطلاع کے مطابق مسٹر چوہان نے کہا کہ بیتول ضلع کے جھلر تھانہ علاقے میں ایک زبردست سڑک حادثے کی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے ۔ وہ ایشور سے مہلوکین کی روح کو سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما نے مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں سڑک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک ٹویٹ میں مسٹر شرما نے کہا کہ جھلر پولیس اسٹیشن کے قریب سڑک حادثے میں گیارہ لوگوں کی بے وقت موت اور ایک کے شدید زخمی ہونے کی خبر تکلیف دہ ہے ۔ ایشور سے پرارتھنا ہے کہ مہلوکین کی روح کو سکون اور سوگوار خاندان کو یہ بڑا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے ۔