حیدرآباد:امریکہ کے ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعہ میں 8 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے ایک خاتون کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ اطلاعات کے مطابق 27 سالہ ایشوریہ ریڈی جو ڈیلاس کی ایک کمپنی میں پروجیکٹ منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں، وہ اپنے دوست احباب کے ساتھ شاپنگ کیلئے مال پہنچی تھیں، اسی دوران حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ 6 مئی کو ٹیکساس میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ایشوریہ ریڈی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج ضلع رنگا ریڈی ٹی نرسی ریڈی کی دختر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پرہجوم شاپنگ مال میں حملہ آور نے اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 8 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ وہاں موجود پولیس نے حملہ آور پر فائرنگ کی جس سے موت واقع ہوگئی ۔ ہفتہ کی سہ پہر 3.30 بجے یہ واقعہ پیش آیا جس کے بعد سارے علاقہ میں بھگدڑ مچ گئی۔ حملہ کے بعد کے ویڈیوز وائرل ہوچکے ہیں جس میں مال کے ملازمین اور شاپنگ کیلئے آئے ہوئے افراد میں بھگدڑ کو دیکھا گیا۔ ملازمین اپنے آپ کو بچانے کیلئے اسٹور ایریا کی طرف دوڑ پڑے۔
عینی شاہدین کے مطابق تقریباً دو گھنٹے تک لوگ حفاظتی مقامات پر موجود رہے اور پولیس کی جانب سے علاقہ کو کلیئر کئے جانے کے بعد وہ باہر نکلے۔ ٹیکساس کے گورنر گریک اباٹ نے مقامی افراد کو ہر ممکن تعاون کا تیقن دیتے ہوئے فائرنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ صدر جوبائیڈن کو عہدیداروں نے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ امریکہ میں وقفہ وقفہ سے فائرنگ کے واقعات پیش آرہے ہیں اور 2023 ء میں کم از کم 198 فائرنگ کے واقعات پیش آئے ۔ ایشوریہ ریڈی کی موت کی اطلاع ملتے ہی افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ ایشوریہ ریڈی کا تعلق حیدرآباد میں سرور نگر علاقہ سے ہے۔