وجے واڑہ (یو این آئی) قومی کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ اردو ہندوستان کی ایک نہایت خوب صورت زبان ہے جسے پورے ملک کے عوام سمجھتے بھی ہیں اور پسند بھی کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بہت بڑی تعداد میں اب وہ لوگ بھی اردو سیکھ رہے ہیں جن کا اردو بیک گراؤنڈ نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے مقامی کیلی گرافی سینٹر کے زیر اہتمام وجے واڑہ و آندھرا پردیش کی سماجی تنظیموں، اسکولز،کالجز اور مدارس کے نمایندگان کے ساتھ ایک انٹرایکشن پروگرام کا انعقاد کے موقع پر کہی جس میں جس میں اردو زبان کے فروغ کے تعلق سے کونسل کی اسکیموں کا تعارف کروایا گیا اور وجے واڑہ میں اردو کی تعلیم و ترقی کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہمیں اپنی محنت اور کوششوں کو مزید منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے قومی اردو کونسل کی خدمات اور اسکیموں کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ کونسل وزارت تعلیم،حکومت ہند کا ایک خود مختار ادارہ ہے جس کا مقصد اردو زبان کو پورے ہندوستان میں فروغ دینا ہے ، اس کے لیے ہماری متعدد اسکیمیں چلتی ہیں، عربی، اردو اور فارسی ڈپلوما کورسز چلائے جاتے ہیں جن کی تعداد ہزاروں میں ہے اور لاکھوں طلبہ و طالبات وہاں تعلیم حاصل کرتے ہیں ،جس کی تکمیل کے بعد انھیں اچھی نوکریاں بھی ملتی ہیں۔ شیخ عقیل نے کہا کہ کونسل کے ذریعے پورے ملک میں کمپیوٹر سینٹرز بھی چلائے جاتے ہیں جہاں کمپیوٹر ایپلی کیشنز و بزنس اکاؤنٹنگ کی تعلیم دی جاتی ہے،یہ کورس نہایت کامیاب ہے اور اسے کرنے کے بعد بچوں کو سرکاری و پرائیویٹ نوکریاں بھی ملتی ہیں ۔ اس کے علاوہ کیلی گرافی اور گرافک ڈزائننگ سینٹر کی بھی اسکیم ہے، جس کے ملک کے مختلف اضلاع میں 71 سینٹر ہیں، جن میں دو سو سے زیادہ اساتذہ برسرِ کار ہیں اور تین ہزار سے زائد طلبہ کیلی گرافی سیکھ رہے ہیں، اس کا تعلق اسکل ڈیولپمنٹ سے ہے، اسے کرنے کے بعد کوئی بچہ بے روزگار نہیں رہتا ۔
شیخ عقیل نے کہا کہ وجے واڑہ کے لوگ اردو زبان کے تئیں جس جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس سے مجھے بے پناہ مسرت ہوئی ہے اور عنقریب ہم یہاں اپنی تمام اسکیمیں جاری کرنے کی کوشش کریں گے۔ خاص طور پر کیلی گرافی کے سینٹرز زیادہ سے زیادہ کھولے جائیں گے۔
اس موقع پرکیلی گرافی کا کورس مکمل کرنے والے طلبہ کے درمیان ڈائریکٹر قومی اردو کونسل کے ہاتھوں اسناد تقسیم کی گئیں ،اس کے علاوہ وجے واڑہ اور آندھرا پردیش کے سیکڑوں این جی اوز اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں کا مومنٹو پیش کرکے خیر مقدم کیا گیا۔ قبل ازاں منتظمین نے پروفیسر عقیل احمد اور قومی اردو کونسل کے ریسرچ آفیسرز انتخاب عالم اور ڈاکٹر کلیم اللہ کا شال اور گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا۔ اس پروگرام کے انعقاد میں مقامی سینٹر انچارج کریم اللہ اور حیدر آباد سینٹر کے انچارج جناب عبدالغفار نے اہم کردار ادا کیا۔












