سری نگر(یواین آئی)جموں وکشمیر میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر سیکورٹی بندو بست کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔سری نگر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسزکی تعیناتی عمل میں لائی گئی جبکہ شہر بھر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘بھارت جوڑو یاترا کے لئے سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ جلسہ گاہ کو چاروں اطراف سے سیکورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے’۔انہوں نے بتایا ‘جلسہ گاہ کی سیکورٹی کی ذمہ داری اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے اپنے ذمے لی ہے جبکہ اس کے اردگرد خاص طور پر بین الاقوامی سرحد پر نگرانی کا کام فوج، ریاستی پولیس اور پیرا ملٹری فورسز انجام دے رہی ہیں’۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا ‘ ستواری جموں میں راہول گاندھی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے اور اس کے پیش نظر تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں’۔
انہوں نے مزید بتایا ‘جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ ان ناکوں پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے’۔دریں اثنا سری نگر میں راہول گاندھی کے دورے کے پیش نظر سیکورٹی کا سخت پہرہ بٹھا یا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔دریں اثنا پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خد مات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔علا وہ ازیں شہر (سری نگر میں) میں مختلف سڑکوں بالخصوص اہم شاہراﺅں پر موبائل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں ریاستی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے اضلاع کو سری نگر سے جوڑنے والی سڑکوں پر بھی سیکورٹی فورسز نے موبائل چیک پوائنٹس قائم کئے ہیں۔