ہمیرپور (یو این آئی) ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو کے آبائی علاقے ہمیر پور ضلع کے نادون شہر میں ہفتہ کو تاجروں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب یہاں کے ایک بڑے تاجر کے گھر پرمحکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔ سب سے پہلے یہاں یہ بات چلی کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم آئی ہے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی ایک خصوصی ٹیم نے چھاپہ مارا ہے۔
اس دوران معلوم ہوا کہ ہمیر پور میں بھی کچھ بڑے تاجروں کے گھروں پر اسی طرح مختلف ٹیموں نے چھاپے مارے ہیں۔ نادون میں جس تاجر کے گھر پر ٹیم نے دبش دی ہے ان کا گھر دھنیٹا علاقے کے ایک گاؤں میں ہے۔پنجاب اور چنڈی گڑھ کی گاڑیوں میں آنے والی ٹیم کے ساتھ پیرا ملٹری فورس کے اہلکار بھی موجود تھے۔ ٹیم نے تاجر کے گھر کی چھان بین کی، اس کے بعد ٹیم کے کچھ افسران نادون میں تاجر کی دکان پر پہنچ گئے۔ یہ چھاپہ ان کے گھر اور دکان پر دیر شام تک جاری رہا۔
ٹیم حکام نے اس حوالے سے کوئی بھی معلومات دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ محکمہ کی ٹیم تاجر کے لین دین سے متعلق تمام دستاویزات اور منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات کی جانچ پڑتال میں مصروف ہے۔ شہر میں دن بھر اس واقعہ کے بارے میں بات ہوتی رہی۔ اس واقعہ سے دیگر تاجر بھی مکمل طور پر خوفزدہ ہیں۔