چدمبرم، (تمل ناڈو) 07 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے اتوار کو اپوزیشن کی قیادت والے انڈیا گروپ پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا گروپ صرف بدعنوان پارٹیوں کا مجموعہ ہے۔
چدمبرم (ریزرو) لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار پی کارتھینی کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ وہ بدعنوانی کو ختم کریں گے جبکہ انڈیا گروپ کے لیڈر بدعنوانی میں لگے لوگوں کو بچانے کی بات کرتے ہیں۔ یہ ان کے کام کرنے کا انداز اور طریقہ کار بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ "ایک طرف ہمارے پاس ایک وزیر اعظم ہے جو ملک اور تمل ناڈو کے لیے کام کر رہے ہیں اور دوسری طرف، آپ کے پاس انڈیا گروپ ہے جو ‘خاندان بچاؤ اور نسل بچاؤ’ اتحاد ہے۔
تمل ناڈو میں حکمراں دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر نڈا نے پوچھا کہ ڈی ایم کے کا کیا مطلب ہے۔ ڈی ایم کے کا مطلب ہے خاندان، پیسے کی دھوکہ دہی۔ ان کی اتحادی پارٹی کانگریس کرپشن سے بھری ہوئی ہے۔