نئی دہلی، 19 جولائی (یو این آئی) ہندوستان نے بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے ملک کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے، حالانکہ انہوں نے ہندوستانی شہریوں اور وہاں رہنے والے طلباء کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عہد کا اظہار کیا وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں بنگلہ دیش کی صورت حال پر سوالوں کے جواب میں کہاکہ "جیسا کہ آپ جانتے ہیں، بنگلہ دیش میں احتجاج جاری ہے۔ ہم اسے ملک کا اندرونی معاملہ سمجھتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں تقریباً 8500 طلباء اور 15000 ہندوستانی شہری رہ رہے ہیں۔ ہم احتجاج کے تناظر میں مقامی حکام کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ ہیں۔ "ہمارا ہائی کمیشن اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں رہتا ہے۔”
ترجمان نے کہاکہ "ہم نے بنگلہ دیش میں رہنے والے اپنے طلباء سمیت ہندوستانی شہریوں کی حفاظت اور مدد کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔” لوگوں تک پہنچنے کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن نمبر فراہم کیے گئے ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر خود اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں ہمارا ہائی کمیشن باقاعدہ اپ ڈیٹ فراہم کرتا رہے گا۔
مسٹر جیسوال نے کہاکہ "میں باقاعدگی سے نئی معلومات پوسٹ کرتا رہوں گا۔ میں خاندان کے افراد سے تازہ ترین پیش رفت کے لیے ہماری پیروی کرنے کی درخواست کروں گا۔ ہم بنگلہ دیش میں اپنے شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”