نئی دہلی (یواین آئی) انڈیگو بحران کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی چار رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے جمعہ کو اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی۔حکومت نے دسمبر کے پہلے ہفتے میں انڈیگو کی ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے کے بعد 05 دسمبر کو ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) میں مشترکہ ڈائریکٹر جنرل سنجے کے۔ برامھنے کی صدارت میں قائم اس چار رکنی کمیٹی نے جمعہ کو شہری ہوابازی کی وزارت کو اپنی رپورٹ سونپ دی۔
اس کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈی جی سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل امیت گپتا، سینئر فلائٹ آپریشنز انسپکٹر (ایف او آئی) کیپٹن کپِل مانگلک اور ایف او آئی لوکیش رامپال شامل تھے۔کمیٹی کو انڈیگو کے آپریشنز میں بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اسباب کی جانچ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ساتھ ہی اسے مستقبل میں اس طرح کے بحران کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے کو بھی کہا گیا تھا۔
انڈیگو نے ایک ہفتے میں چار ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں جس سے لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہزاروں مسافر چیک اِن کے بعد کئی کئی گھنٹے تک ہوائی اڈے پر پھنسے رہے۔ سب سے زیادہ پریشانی 05 اکتوبر کو ہوئی جب 1,500 سے زیادہ پروازیں منسوخ رہیں۔کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا تھا۔ کمیٹی نے جمعہ کی شام اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے۔












