ترواننت پورم (یو این آئی) ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے وکرم سارابھائی اسپیس سینٹر راکٹ سائنسدان پروین موریا نے ایک سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کیرالہ پولیس کی مدد سے دبئی کے ایک شخص نے ان سے اسرو سے متعلق خفیہ معلومات دینے کا مطالبہ کیا ہے اور اس کے بدلے میں بھاری رقم کی پیشکش کی ہے۔اسروکی جانب سے ہفتہ کے روز اس کی معلومات دی گئی۔
سائنسدان پروین موریہ نے ٹویٹ کیا، "جاسوسی کرنے کے لئے کیرالہ پولیس کی مدد سے جاسوسوں نے ان سے رابطہ کیا ہے، جس میں اس سے اسرو سے متعلق خفیہ معلومات مانگنے اور اس کے عوض بھاری رقم کی پیشکش کی ہے۔ جب ہم نے خفیہ معلومات دینے سے انکار کیا تو انہوں نے میرے خلاف جھوٹے پولیس کیس درج کرادیئے۔ اب انہوں نے کیس واپس لینے کے بدلے مجھے ان کے لیے کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جو شخص یہ خفیہ معلومات حاصل کرنا چاہتا تھا، ان کے انکار پر ان کے خلاف چرس (گانجہ) فروخت کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا۔ جب کیرالہ پولیس نے معاملے کی چھان بین کی تو انہیں چرس بیچنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
مسٹر موریہ نے کہا کہ اسرو کے چیئرمین نے وزیر اعظم کو کئی خط لکھے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہیں ایک خفیہ انکوائری کی ضرورت ہے اور حکومت سے مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی محکمہ انٹیلی جنس تحقیقات سے اس لئے انکار کر رہا ہے کیونکہ اسرو کے کچھ سینئر اہلکار جاسوسوں کو اپنے خفیہ منصوبے کو انجام دینے میں مدد کر رہے ہیں، جس سے اسرو میں موجود ان ملک دشمن اہلکاروں کے پورے ریکیٹ کا پردہ فاش ہو جائے گا۔