ٹوکیو (یواین آئی) جاپانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بدھ کے روز گروپ سیون ممالک کے رہنماؤں کی ایک ویڈیو میٹنگ میں شرکت کریں گے جو ٹوکیو میں ہو رہی ہے۔حکومتی ترجمان ہیروکازو ماتسونو نے صحافیوں کو بتایا کہ جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدہ "جی 7 ” سربراہی اجلاس کی میزبانی کریں گے، جس کا انعقاد ویڈیو کے ذریعے کیا جائے گا۔ اجلاس میں جی 7 ممالک کے رہنماؤں کے علاوہ یوکرین کے صدر بھی خطاب کریں گے۔
العربیہ کے مطابق جاپانی حکومت کے ترجمان نے بتایاکہ ’جی 7 ‘ ممالک کے رہنما اپنے سربراہی اجلاس میں "عالمی برادری کے لیے اہم موضوعات، جیسے یوکرین، مشرق وسطیٰ کے حالات اور مصنوعی ذہانت کے مسئلے پر بات کریں گے‘‘۔
منگل کے روز یوکرین کے صدر نے اچانک امریکی سینیٹ کے اراکین کے ساتھ ایک اجلاس میں ویڈیو کے ذریعے اپنی طے شدہ شرکت منسوخ کر دی۔سینیٹ کے ڈیموکریٹک لیڈر چک شومر نے صحافیوں کو ایک بیان میں کہا کہ "زیلینسکی ہمارے ساتھ بریفنگ میں حصہ نہیں لے سکتے‘‘۔
واشنگٹن نے فروری 2022ء میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے بیشتر ممالک کے ساتھ ملک کر کیئف کو فوجی امداد فراہم کی ہے۔لیکن ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کا یوکرین کی مالی مدد جاری رکھنے کا عہد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ کیئف کو خدشہ ہے کے جوابی حملے سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں ہوئے۔کانگریس بدھ کے روز کیئف کے لیے فوجی، انسانی اور اقتصادی امدادی پیکج پر ایک طریقہ کار سے متعلق ووٹنگ کرنے والی ہے۔