سری نگر(یو این آئی) بالی ووڈ کے معروف اداکار اور سینئر سیاستدان راج ببر نے کہا ہے کہ کشمیر ان کی فلمی زندگی کا بنیادی سنگ میل رہا ہے اور انہوں نے یہاں کبھی خود کو غیرمحفوظ محسوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی فضائیں محبت، امن اور انسانیت کی خوشبو سے معمور ہیں، یہی اصل کشمیر یت ہے جو انسانیت کا دوسرا نام ہے۔
راج ببر نے یہ تاثرات گلمرگ میں ایک تقریب کے دوران ادا کیے۔ انہوں نے کہا، ’میری فلمی زندگی کی شروعات کشمیر سے ہوئی۔ 1980 سے 1996-97 تک شاید ہی کوئی فلم ہو جو میں نے کشمیر میں شوٹ نہ کی ہو۔ چاہے وہ ارمان ہو یا آپس کی بات — کشمیر ہمیشہ میری فلموں کا حصہ رہا ہے۔‘
اداکار نے کہا کہ وادی میں ہمیشہ انہیں محبت اور عزت ملی ہے۔ میں نے کبھی کشمیر میں خوف محسوس نہیں کیا۔ یہاں کے لوگ ہمیشہ مسکراہٹ اور خلوص سے پیش آتے ہیں، اور یہ محبت آج بھی ویسی ہی برقرار ہے۔راج ببر نے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او اور مقامی انتظامیہ کی مہمان نوازی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ کشمیر کا اصل حسن اس کے لوگوں کی انسانیت میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’یہی کشمیر یت ہے، جو دراصل انسانیت کا دوسرا نام ہے۔‘
انہوں نے سیاحوں اور فلم سازوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر آئیں اور یہاں کے پرامن ماحول اور خوبصورتی کو خود دیکھیں۔ یہاں کوئی دہشت نہیں، کوئی خوف نہیں۔ کشمیر آج مکمل طور پر محفوظ اور پُرامن ہے۔ چاہے سیاحت ہو یا فلم شوٹنگ، کشمیر ہر لحاظ سے موزوں مقام ہے۔راج ببر نے مزید کہا کہ کشمیر کی قدرتی دلکشی کا کوئی نعم البدل نہیں۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جاؤ، آخرکار دل کشمیر میں ہی آکر ٹھہرتا ہے۔ یہی وادی ہے جو ہر دل کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر انتظامیہ کی ان کوششوں کو بھی سراہا جن کے نتیجے میں وادی میں امن و خوشحالی کا ماحول بحال ہوا ہے۔ راج ببر نے کہا کہ آج کا کشمیر وہی ہے جہاں محبت کی زبان بولی جاتی ہے اور ہر مسافر کو گھر جیسا احساس ہوتا ہے۔












