نئی دہلی، 02 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر لوک سبھا میں بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے کانگریس کو ‘پرجیوی’ کہنے پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی نے کسانوں کے لیے یہی الفاظ کہہ کر ملک کو خوراک فراہم کرنے والے کاشتکاروں کی بھی توہین کرنے کا کام کیا ہے۔
مسٹر کھڑگے نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’آپ کانگریس کو ’’پرجیوی‘‘ کہہ رہے ہیں۔ 08 فروری 2021 کو پارلیمنٹ میں آپ نے ان کسانوں کو بھی یہ لفظ پرجیوی کہا تھا جو پورے ملک کا پیٹ پالتے ہیں۔ آپ نے کسانوں کی اپنے حقوق کے لیے سال بھر کی جدوجہد کو گالی دی تھی۔ آپ کی آمرانہ حکومت کو اس کے سامنے جھکنا پڑا اور تین کسان مخالف کالے قوانین واپس لینے پڑے تھے۔
انہوں نے کہا، ‘آج آپ نے کانگریس پارٹی کے لیے وہی لفظ استعمال کیا ہے، یہ کانگریس پارٹی کے لیے گالی نہیں ہے۔ خوراک فراہم کرنے والوں کے ساتھ ملک کی تعمیر کے لیے اپنی جانیں قربان کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ کانگریس کے کئی لیڈروں نے اس ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے لیڈروں نے اس ملک کو اپنے خون پسینے سے بنایا ہے۔
مسٹر کھڑگے نے فوج کے حوالے سے مسٹر مودی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "ہمیں فخر ہے کہ ہماری افواج نے 1947، 1965، 1971 میں پاکستان کو اور نتھو لا اور چو لا جنگ میں 1967 میں چین کو شکست دینے میں بے مثال ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور آپ کانگریس پر فوج کے حوصلے پست کرنے کے جھوٹے، بے بنیاد اور لغو الزامات لگا رہے ہیں۔
کانگریس اس ملک کے کسانوں اور جوانوں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی، آپ اپنی آمریت سے اس ملک کے مضبوط ورثے کو نہیں ہلا سکتے۔ کانگریس نے پنڈت نہرو، باباصاحب ڈاکٹر امبیڈکر اور سردار پٹیل سمیت انتہائی قابل احترام عظیم شخصیات کے ساتھ مل کر ملک کا آئین بنایا ہے۔ اس ملک میں جمہوریت کی اقدار کو بچانے کے لیے کانگریس بی جے پی سے ہر گالی کھانے کے لئے تیار ہے۔ ہمارے قائدین کی شرافت اور ان کا آئین اور اداروں کے احترام کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ گاندھی جی کے ذریعہ سکھایا گیا سچائی اور عدم تشدد کا سبق ہماری رگوں میں دوڑتا ہے۔