نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی وڈرا کے لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پورا بھروسہ ہے کہ محترمہ گاندھی ملک کے عوام کی مضبوط آواز بنیں گی اور خاص طور پر خواتین کو پارلیمنٹ میں مضبوط آواز بنیں گی مسٹر کھڑگے نے کہاکہ ‘مجھے یقین ہے کہ محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا پارلیمنٹ میں ملک کے لوگوں بالخصوص خواتین کی مضبوط آواز بنیں گی۔ ان کی قابل قیادت، ہمدردی، جرات، شائستگی اور عزم اور آئین کے اصولوں کے ساتھ ان کی مضبوط وابستگی ملک کے لوگوں کو فائدہ دے گی۔”
قابل ذکر ہے کہ محترمہ وڈرا نے کیرالہ کی وایناڈ پارلیمانی سیٹ سے ضمنی انتخاب میں بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے اور وہ پہلی بار رکن پارلیمنٹ بنی ہیں۔ انہوں نے آج لوک سبھا کی رکن کی حیثیت سے حلف لیا اور کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھائیں گی۔
قبل ازیں کیرالہ کی وایناڈ لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب میں شاندار جیت حاصل کرنے والی کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے آج لوک سبھا کی رکنیت لے لی لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے ان کا نام پکارا اور انہیں لوک سبھا کی رکنیت کا حلف دلایا گیا محترمہ پرینکاگاندھی نے وائناڈ سیٹ پر چار لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے عام انتخابات میں ان کے بھائی راہل گاندھی نے اتر پردیش کی رائے بریلی پارلیمانی سیٹ کے ساتھ یہ سیٹ جیتی تھی، لیکن بعد میں انہوں نے اس سیٹ سے استعفیٰ دے کر اپنی بہن پرینکا گاندھی کو میدان میں اتارا۔
قبل ازیں محترمہ پرینکاگاندھی اپنی والدہ اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس پہنچیں۔ بعد میں وہ راہل گاندھی کے ساتھ لوک سبھا گئیں جہاں انہیں ایوان کی رکنیت کا حلف دلایا گیا۔