نئی دہلی (یو این آئی/ایجنسیاں) وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی تجویز کو آج لوک سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا، جس کے تحت کمیٹی اب آئندہ بجٹ اجلاس تک اپنی رپورٹ پیش کر سکے گی کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے ایوان میں تجویز پیش کی کہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں بجٹ سیشن 2025 کے آخری دن تک توسیع کی جائے جسے اراکین نے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ اس پر پریذائیڈنگ آفیسر کرشنا پرساد ٹیناٹی نے اعلان کیا کہ قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن اراکین نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی تھی اور اس بل پر بحث کے لیے مزید وقت کا مطالبہ کیا تھا۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوک سبھا رکن جگدمبیکا پال کی سربراہی میں یہ کمیٹی پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس کے دوران تشکیل دی گئی تھی۔ اس سے قبل حکومت نے وقف ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کیا تھا جس پر کانگریس سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں نے سخت اعتراض ظاہر کیا تھا۔ اس کے بعد ایوان نے بل کو نظرثانی کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز پیش کی تھی ۔