لاہور(ایجنسیاں): نامعلوم افراد نے لاہور سے 14 سالہ لڑکے کو اغواء کرکے راولپنڈی لے جا کر گردہ نکا ل لیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے مقدمے میں فریق بننے کیلئے سی سی پی او کو خط لکھ دیا۔روزنامہ جنگ کی اطلاع کے مطابق 14 سالہ عبداللّٰہ کو 8 دسمبر کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کیا، 19 دسمبر کو پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کیا۔پولیس کو ابتدائی بیان میں عبداللّٰہ نے بتایا کہ اسے بےہوشی کی دوا پلا کر راولپنڈی لے جایا گیا اور نجی اسپتال میں اس کا گردہ نکالا گیا، 17دن راولپنڈی کے ایک گھر میں رکھا گیا، ایک نرس روزانہ ادویات دیتی اور ٹیسٹ کیلئے بلڈ لیتی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں سمیت گردو فروش گروہ کے مرکزی ملزمان فرار ہیں، زیر حراست 6 سہولت کاروں کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری طرف ڈی جی پنجاب ہیومین آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے سی سی پی او لاہور کو خط لکھ کر مقدمے میں فریق بننے کی درخواست کی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی کے فریق بننے سے مقدمہ مضبوط ہو گا اور ملزمان کو زیادہ سزا ملے گی۔